منڈی//حال ہی میں ریاستی سرکار کی طرف سے منظور کئے گئے گورنمنٹ ڈگری کالج منڈی میں بہت جلد کلاسیں شروع ہونے جارہی ہیں ۔کلاسیں شروع ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ممبراسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے کہاکہ سال 2018-19 کیلئے نجی عمارت میں شروع کی جائیںگی ۔واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے حال ہی میں منڈی تحصیل کیلئے ڈگری کالج کا اعلان کیاگیا جس میں اسی سال سے کلاسیں شروع کرنے کا فیصلہ لیاگیاہے ۔ممبر اسمبلی پونچھ نے ڈگری کالج پونچھ کے پرنسپل سید مصرف شاہ کی قیادت میں کالج کے پروفیسروں کی ایک ٹیم کے ہمراہ کالج کیلئے کلاسز شروع کرنے کی خاطر تحصیل صدر مقام سے تین کلو میٹر دوری پر واقع حبیب اللہ نائیک کی نجی عمارت کا دورہ کیا ۔ یہ عمارت بیس کمروں پر مشتمل ہے جس میں تب تک کلاسز شروع کی جائیںگی جب تک کالج کی اپنی عمارت تعمیر ہوتی ۔اس موقعہ پر پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ سیدمصرف شاہ کے ہمراہ کالج پروفیسروں کی ٹیم نے اس عمارت کو کالج کیلئے موزوں قرار دیا ۔شاہ محمد تانترے نے کہا کہ جب تک کالج کی اپنی عمارت تعمیر ہوتی ہے تب تک کالج کی کلاسیں اسی عمارت میں چلائی جائیںگی تاکہ یہاں کے طلباء کی پڑھائی پر کوئی اثر نہ پڑنے پائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر اندر اسی عمارت میں کلاسز کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ۔ان کے ہمراہ تحصیلدار منڈی،حبیب اللہ نائیک ،پی ڈی پی بلاک صدر منڈی پیرزادہ بلال مقدومی، خرشید احمد ، پروفیسر خادم حسین ،پرویز احمد بھی تھے ۔