پونچھ// آنگن واڑی ورکروں وہیلپروںکی 27 فروری سے کام چھوڑ ہڑتال جاری ہے جس کو ستر سے بھی زائد دن ہوگئے ہیں۔ اس دوران ان کارکنان نے فوارہ گارڈن پونچھ سے احتجاجی ریلی نکالی جس کے بعد انہوں نے پونچھ کے سب سے مصروف ترین عید گاہ چوک پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کر کے ایک بار پھرمطالبات پورے کرنے کا سرکارپر زور دیا ۔خواتین ملازموں کی جانب سے گاڑیوں کی آمدورفت ایک گھنٹے تک بند رہنے کی وجہ سے سینکڑوں گاڑیوں میں بیٹھے مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔احتجاج کے دوران ملازموں نے ریاستی مخلوط سرکار کے خلاف جم کر نعرے بازی کی ۔واضح رہے کہ پوری ریاست میں آنگن واڑی کارکنان کی جانب لگاتار مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ان کی ملازمت کو باقاعدہ بنایاجائے اور انہیں وہ سب مراعات دی جائیں جوسبکدوشی پر دیگر ملازمین کو ملتی ہیں۔انہوںنے ماہانہ مشاہرہ3600 سے بڑھا کر 10,000روپے کرنے کامطالبہ کیاہے ۔ایک گھنٹے کے احتجاج کے بعد ایس ایچ او پونچھ وہاں پہنچے اورانہوںنے ملازمین کو یقین دلایاکہ ان کے مطالبات اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لائے جائیںگے جس کے بعد وہ پرا من طور پر منتشر ہوئیں ۔