تھنہ منڈی // تھنہ منڈی میں محکمہ پی ایچ ای کے کیجول لیبرز نے انڈین نیشنل ٹریڈ یونین لیڈر طاہر احمد شال کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی جس کی صدارت سابق سرپنچ محمد عبداللہ خان نے کی ۔اس موقعہ پر محکمہ پی ایچ ای کے کیجول لیبروںنے کہا کہ ٹریڈ یونین لیڈر طاہر احمد شال کی کئی برسوں کی محنت اور انتھک کوشش کے باوجود ان ملازمین کو آن لائن کیا گیا اور موجودہ سرکار نے انکے بنک کھاتوں میں تنخواہیں واگزار کی ہیںجس پر انہیں خوشی ہے ۔انہوںنے اس دوران شال کو اعزاز سے نوازا۔انہوںنے کہاکہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری اور محکمہ پی ایچ ای کے ایگزیکٹوانجینئر نثار احمد خان کے تعاون سے گزشتہ دس سال کے الجھے ہوئے معاملات کو حل کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پی ایچ ای کے کیجول لیبرز کو آن لائن کرنے میں ضلع انتظامیہ کا اہم رول رہا۔ انہوں نے کہا ہم ضلع انتظامیہ راجوری کے مشکور ہیں جنہوں نے انکو آن لائن کیا ۔ ٹریڈ یونین لیڈر نے ریاست میں قائم مخلوط سرکار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سابق سرکاروں کے الجھے ہوئے مسائل کو حل کرتے ہوئے بے کس اور بے سہارا ملازمین کے حق میں تنخواہیں واگزار کی ہیں۔ انہوں نے امید جتائی کہ ملازمین کے دیگر مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقعہ پر کانگرس بلاک صدر شکیل احمد میر، شبیر خان، امجد خان، مشتاق ٹھکر، نعیم گنائی، اقبال وانی وغیرہ بھی موجود تھے۔