جموں//پی ڈی پی خواتین ونگ کی صدر صفینہ بیگ نے کہا ہے کہ جائیدادکی رجسٹریشن کے لیے خواتین کواسٹام ڈیوٹی سے مستثنیٰ رکھنے سے متعلق وزیراعلیٰ کاحالیہ فیصلہ خواتین کوبااختیاربنانے کے سلسلے میں پی ڈی پی کے ایجنڈے کاعکاس ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی خواتین کوبااختتاربنانے کیلئے سنجیدہ ہے ،وزیراعلیٰ کاحالیہ فیصلہ اس کاعملی ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی تعمیر و ترقی ، ریاست میں دیر پا امن کے قیام کے لئے ریاست کی خواتین برابر کی حصہ دار ہیں اور اس ضمن میں وہ نمایاں رول ادا کرسکتی ہیں ۔صفینہ ریاست کے تینوں خطوں کی مجموعی کے لئے متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے پارٹی ورکروں سے کہا کہ وہ پی ڈی پی کے عوامی فلاح و بہبود کے مشن کو بنیادی سطح پر کامیاب بنانے کے لئے سخت محنت اور جانفشانی کے ساتھ کام کریں ۔ اس موقعہ پر پارٹی کے جو رہنماموجود تھے ان میں جتیندر بھٹ، سرجیت کور، حسین علی وفا، ٹھاکر فلیل سنگھ، امریک سنگھ، بھوشن لال،ڈوگرہ، عبدالرشید ملک ، ستپال سنگھ چاڑک ضلع صدور، فقیر چند بھگت، راجندر سنگھ منہاس، گرمیت کور پانڈے، وریندر سنگھ سونو، گیتا ٹھاکر ، آر کے بالی ، سنیل بھٹ، پرویز خان، بلبیر سنگھ ، وجے رینہ، محفوظ اختر، بانا دیوی، کویتا شرما، کرن کاچرو، انیتادیوی، بنسی لال اور دیگر پارٹی لیڈروں نے اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔خواتین کو بااختیار بنانے کے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بصیرت کا ذکر کرتے ہوئے بیگ نے کہا کہ املاک کی خرید و فروخت میں خواتین کا اسٹامپ ڈیوٹی سے مبرا قرار دینا ایک تاریخ ساز قدم ہے اور اس سے خواتین کو بااختیار بنانے میں زبردست مدد ملے گی ۔ پارٹی کے جنرل سیکرٹری وید مہاجن نے اس موقعہ پر اپنی تقریر میں کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ آگے آئیں اور ریاست کی تعمیر نو میں نمایاں رول ادا کریں۔چیف کارڈی نیٹر چودھری عبدالحمید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون ہی پہلی استاد ، رہنمااور تحریک ہوتی ہے اس لئے کسی بھی قوم یا ملک کی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کا کلیدی رول ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا پی ڈی پی کا اہم ایجنڈا ہے ۔ وائس چیئرمین خواتین ڈیولپمنٹ کارپوریشن وجے ڈوگرہ نے کہا کہ پی ڈی پی خواتین کو بااختیار بنانے کے اپنے عہد پر کاربند ہے اور اس مقصد کے لئے ٹھوس قدم اٹھائے جارہے ہیں
وزیراعلیٰ کا فیصلہ تاریخی اہمیت کاحامل :منصورحسین سہراوردی
جموں // پی ڈی پی کے جنرل سیکر یریٹری منصورحسین سہراوردی نے ریاستی کابینہ کی طرف سے جائیداد کی رجسٹریشن سے متعلق کئے گئے ایک تاریخی فیصلے کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اب کسی بھی کنبے میں خاتون کے نام سے درج ہونے والی جائیداد پر کوئی اسٹام ڈیوٹی عائد نہیں ہوگی ۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین طبقہ کو مزید با اختیار بنانے کے لئے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے اٹھایا گیا یہ مثبت قدم ہے اور ریاست کی تاریخ میں ایسا پہلی بار دیکھنے کو مل رہا ہے جبکہ جب سے محبوبہ مفتی نے ریاستی وزیر اعلیٰ کی کرسی سنبھالی ہے تب سے ہی وہ خواتین کو طبقہ کی ترقی کے لئے کوشاں ہے اور آئے دن اس طبقہ کو سماج میں با اختیار بنانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھانے میں مصروف ہے جبکہ وہ چاہتی ہیں کہ سماج کو چلانے کے لئے اس طبقہ کو برابرمواقعے ملیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں ہر سال عورتوں کے ساتھ گھریلو تشدد کے تقریباً4000معاملات درج کئے جاتے ہیں اور ریاست کا خواتین طبقہ اس نوعیت کے کئی معاملات درج کرنے سے ہچکچاتا بھی ہے اور وہ منظر عام پر لائے نہیں جاتے اس لئے ریاستی وزیر اعلیٰ اس طبقہ کو ان اندھیروں سے باہر نکانا چاہتی ہے ۔ منصور حسین سہراوردی نے مزیدکہا کہ آنے والے پنچایتی انتخابات میں خواتین طبقہ کو 25فیصدریزرویشن دی جانی چاہیئے تا کہ اس طبقہ کو بھی محسوس ہو کہ سماج میں ہمیں بھی مردں کے برابر حقوق حاصل ہیں اور ہم بھی سماج کو چلانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔