جموں//ریاستی اسمبلی کے سپیکر نرمل سنگھ کے اس بیان جس میں انہوں نے فوج کی طرف سے ریاستی عوام کو ہراساں کئے جانے کی بات کہی تھی ،پر مخلوط رد عمل سامنے آرہے ہیں جبکہ بی جے پی اعلیٰ کمان نے بھی اس بیان کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے ۔ نگروٹہ میں اسلحہ خانہ کے قریب سابق نائب وزیر اعلیٰ کی طرف سے رہائشی عمارت کی تعمیر کیخلاف فوج نے ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے جس میں اس تعمیر کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے ۔ فوج کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ کی طرف سے جب تعمیر رکوانے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا تو انہوں نے 3مئی کو ہائی کورٹ میں عرضی دائر کر دی ۔ واضح رہے کہ نرمل سنگھ کو 30اپریل کو نائب وزیر اعلیٰ کے عہد ہ سے مستعفی ہونا پڑا تھا۔ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو اس سلسلہ میں نوٹس جاری کیا ہے ۔ دریں اثنا بی جے پی اعلیٰ کمان نے نرمل سنگھ کی طرف سے فوج پر لوگوں کو ہراساں کئے جانے کے الزام کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے ۔ پارٹی جنرل سیکریٹری اشوک کول نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ’ہم نرمل سنگھ کے ساتھ بات کر کے اس سلسلہ میں اعلیٰ کمان کو عنقریب ہی رپورٹ پیش کر دیں گے۔