منڈی // ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایت پرایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر عبدالحمید شیخ نے منگل کو اچانک تحصیل منڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے غلام احمد گنائی میموریل سب ضلع ہسپتال منڈی کا معائنہ کیا اور بیماروں کی تیمارداری کی ۔ انہوں نے اسپتال کی نئی عمارت کا بھی معائنہ کرکے ہدایت دی کہ باقی ماندہ کام کو جلد پوراکیا جائے تاکہ مریضوں اور ہسپتال کے عملہ کو مشکلات سے نجات مل سکے۔دریں اثنا انہوں نے گورنمنٹ مڈل سکول کھڑپہ لورن کا دورہ کرکے وہاں پر بچوں کی تعلیم کا جائیزہ لیا۔ اس موقعہ پر بچوں کی ناقص کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سکول میں تعینات تمام اساتذہ کی تنخواہیں بند کرنے کے احکامات صادر کئے گئے۔عبدالحمید شیخ نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس سکول میں تعلیمی نظام کی خستہ حالت ہے اور تمام بچوں کی کارکردگی ناقص پائی گئی ۔انہوں نے کہا کہ سکول کے معائنہ کے دوران انہوں نے کلاسوں میں جا کر بچوں کی تعلیمی قابلیت کو جانچنے کی کوشش کی مگر کسی بچے کو نہ پڑھنا اور نہ ہی لکھنا آیا جس پر تمام اساتذہ کی تنخواہیں روک دی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ خراب کارکردگی والے سکولوں کے اساتذہ کے خلاف ایسی ہی کارروائیاںکی جائیںگی ۔