پونچھ//اپنے مطالبات کو لیکر آنگن واڑی کارکنان کا احتجاج جاری ہے۔اس دوران اپنے احتجاج میں مزید شدت لاتے ہوئے آنگن واڑی کارکنوں اور ہیلپروں نے فوارہ گارڈن پونچھ میں کام چھوڑ ہڑتال اور دھرنا دیکر اپنے مطالبات پورے کرنے کا مطالبہ دہرایا۔احتجاج کے دوران آنگن واڑی کا رکنان نیـ’ ’ محبوبہ جی ایک کام کرو، کرسی چھوڑو آرام کرو‘‘ جیسے نعرے لگا کر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ مقررین نے ایک بار پھر ماہوار تنخواہوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ تمام کارکنوں اور ہیلپروں کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ لگاتار تین ماہ سے دھرنے اور کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے ان کے حق میں ایک بھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو مجبور کیا گیا ہے کہ وہ اپنے حق کے لئے گھر بار چھوڑ کر سڑکوں پر اتر آئیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ جو مطالبات کر رہی ہیں وہ ناجائز نہیں بلکہ جائز مطالبات ہیں جن کو سرکار کو مان لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ان کی کام چھوڑ ہڑتال تب تک جاری رہے گی جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کئے جائیں گے۔