پونچھ//نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا اور سیاحت کے وزیر تصدق حُسین مفتی نے ٹی ایف سی چکاں دا باغ میں اضافی بنیادی ڈھانچہ سہولیات کا افتتاح کیا۔یہ سہولیات10.25 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کی گئی ہیں ۔اس میں60 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش کے علاوہ سلامتی، طبی اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔اس سے قبل نائب وزیر اعلیٰ نے تاجروں کے ساتھ بات چیت کی اور ان کے مطالبات غور سے سُنے تا کہ ٹی ایف سی پر بلا کسی رکاوٹ کے تجارت جاری رہ سکے۔تاجروں نے فل باڈی سکینر نصب کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عملے کی کمی کو دُور کرنے اور تجارتی اشیاء کی تعداد میں اضافہ کرنے کا معاملہ بھی اُجاگر کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے تاجروں کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات کو مرحلہ وار طریقے پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ ایس او پی کے عین مطابق باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔کویندر گپتا نے کہا کہ حکومت کا کراسنگ پوائنٹ کھولنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ دونوں اطراف کے لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ملنے کا موقعہ ملے اور ترقی و امن کے عمل کو استحکام مل سکے۔اس موقعہ پر ارکان قانون سازیہ شاہ محمد تانترے، یش پال شرما، پردیپ شرما، شہناز گنائی، ضلع ترقیاتی کمشنر محمد اعجازاسد اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔