مینڈھر//گزشتہ روز مغل شاہراہ پر نامعلوم مسلحہ برداروں کی طرف سے اغوا کرنے کے بعد قتل کئے گئے مینڈھر سلانی کے فوجی اہلکار کی نعش ابھی تک گھر نہیں پہنچائی جاسکی ہے جبکہ غم سے نڈھال گھر والے اور دیگر لوگ نعش کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔اورنگ زیب چوہدری کی نعش کو بذریعہ ہیلی کاپٹر مینڈھر لایاجاناتھاتاہم موسم کی خرابی کے باعث ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔نعش وقت پر نہ پہنچنے پر پہلے سے ہی غم و غصہ کا شکار مقامی لوگوں نے سخت برہمی کا اظہار کیاہے۔ان کاکہناہے کہ حکومت مسائل کے حل کی خاطر بات چیت کی راہ اختیار نہ کرکے نوجوانوں کو مروارہی ہے۔ان کاکہناتھاکہ قتل و غارت گری کے سلسلے پر روک لگنی چاہئے اور تمام مسائل کا حل بات چیت سے کیاجاناچاہئے۔اورنگ زیب کے بھائی نے کہاکہ اس کے بھائی کو اس بات کا انتظار تھاکہ عید الفطر اپنے گھر والوں کے ساتھ منائے گالیکن اس کو قتل کردیاگیا۔انہوں نے کہاکہ ان کی عید کیا ہوگی جب بھائی ہی نہیں رہا۔اس دوران بھاجپا کے ریاستی صدر رویندر رینہ،پہاڑی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین کلدیپ راج گپتا،ممبرقانون ساز کونسل پردیپ شرما،ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد اور دیگر افسران بھی مارے گئے اہلکار کے گھر پہنچے اور غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھائی۔وہیں مقامی لوگ بڑی تعداد میں گھر میں جمع ہیں اور صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔