پونچھ اسلام آباد سڑک،اؤر لوڈنگ عروج پر
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ ضلع میں گاڑیوں پر اضافی سواریاں بٹھانے کا سلسلہ روز بروز عروج پکڑ رہا ہے۔بسنت رتھ کے بطور آئی جی ٹریفک تعینات ہونے کے بعد یہ امید جاگی تھی کہ شائد پونچھ میں بھی ٹریفک کا نظام سدھر جائے گا لیکن ایسانہیں ہوا اور ضلع کا ٹریفک نظام بگڑتاہی جارہاہے۔پونچھ ضلع میں ہمیشہ کی طرح ڈرائیوروں نے اپنی مرضی اور اپنے قوانین کی مکمل پیروی کرتے ہوئے اور لوڈنگ کا سلسلہ برقرار رکھا ہوا ہے جس کی وجہ سے عوا م کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خصوصی طور پر اسلام آباد سڑک پر ڈرائیوروں کی جانب سے گاڑیوں میں اضافی سواریاں بٹھائی جاتی ہیں جس کی وجہ سے سواریوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے فیض اکبر راٹھور نے کہا کہ اسلام آباد سڑک نہایت ہی خطرناک سڑک ہیجس پر پہلے بھی کئی خطرناک حادثہ کئی لوگوں کی جان لے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اس سڑک بسوں اور دیگرگاڑیوں میں چھت پر بھی اضافی سواریاں بٹھائی جاتی ہیں جو کسی بڑے خطرے کا اعلان ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ خصوصی طور پر آئی جی پی بسنت کمار رتھ سے اپیل کی کہ کہ وہ اپنے عملہ کو ڈرائیوروں پر لگام کسنے کی ہدایت دیں۔
ماہ صیام و عید انتظامات پر انتظامیہ کی سراہنا
حسین محتشم
پونچھ//شیعہ فیڈریشن کی پونچھ اکائی نے ماہ صیام و عید انتظامات پر انتظامیہ کی ستائش کی ہے۔صوبائی نائب صدر محمد بشیر میر کی قیادت میں ایک پریس کانفرنس ان ہی کی رہائش گاہ پر منعقد کی گئی جس میں ضلع صدر ذکی حیدر ،جعفر حسین ونتو،سید عابد حسین صفوی، ماسٹر عارف حسین میر، تصدق حسین میر، غلام محمد میر، شبیر حسین ڈار، امتیاز علی میر،محمد عباس میرکے علاوہ دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔اس دوران ماسٹرانور حسین ونتو نے خطاب کرتے ہوئے تمام فرزندان توحید کو بالخصوص اور ریاست کی عوام کو بالعموم عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر ہمیں انکساری، قربانی ، ایثار، وفا ، فداکاری کا درس دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں ہمیں اپنے آس پاس کے غریبوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔ضلع صدر سید ذکی حیدر نے اس دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شیعہ فیڈریشن کے صدر عاشق کی جانب سے اور اپنی جانب سے ریاستی سرکار اور ضلع انتظامیہ پونچھ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان کے دوران ضلع انتظامیہ اور ضلع پولیس کی جانب سے پونچھ ضلع میں تمام تر انتظامات نہایت ہی عمدگی سے کئے گئے تھے اس کے لئے وہ تمام ضلع افسران کو مبارک پیش کرتے ہیں۔محمد بشیر میرنے بھی اس دوران خطاب کرتے ہوئے تمام فرزندان توحید کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی جانب سے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلمانوں میں خلفشار ڈالنے کے لئے سازشیں رچائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو دشمنوں کی سازشوں سے خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے انتظامات کیلئے ڈپٹی کمشنر پونچھ کا شکریہ ادا کیا۔
پچاس سالہ شخص کی نعش برآمد
راجوری//راجوری کے منجاکوٹ علاقے میں پچاس سالہ شخص کی نعش نالے کے کنارے برآمد ہوئی ہے۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ پولیس کو اس بات کی اطلاع ملی تھی کہ بھمبر گلی کے نزدیک دگروٹ نالے کے کنارے ایک نعش پڑی ہوئی ہے جس کو پولیس نے وہاں سے اٹھاکر اپنی تحویل میں لیا۔اس نعش کی شناخت محمد صدیق ولد سائیں ساکن دگروٹ کے طورپر ہوئی ہے۔اس سلسلے میں پولیس کی طرف سے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔یہ سننے میں آیاہے کہ صدیق پچھلے دو دنوں سے گھر سے لاپتہ تھا تاہم ابھی تک اس کی موت کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ صدیق حال ہی میں دبئی سے عید الفطر اپنے گھر منانے کیلئے منجاکوٹ آیاتھا اور وہ پچھلے کئی سال سے دبئی میں مزدوری کررہاتھا۔
نوجوانوں کی بیداری کیلئے کیمپ منعقد
نیوز ڈیسک
کوٹرنکہ// کوٹرنکہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں کھادی ولیج انڈسٹریز نے بیروزگار نوجوانوں کیلئے مفت بیداری کیمپ کا انعقاد کیا جس میں کے وی آئی بی کے ضلع آفیسر و دیگر تمام آفیسران نے حصہ لیا۔اس موقعہ پر مقامی نوجوانوں کو سرکاری سکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ان پر زور دیاگیاکہ وہ ان سکیموں سے مستفید ہوں اور اپنے لئے روزگار کمائیں۔
منڈی میں پولیس پبلک دربارکا اہتمام
نوجوانوں کو ہر طرح کی منشیات سے دور رکھنے پر زور
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ جالیاں میں پولیس کی جانب سے پولیس پبلک دربار منعقد کیا گیا جس میں ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر پونچھ نواز احمد کھانڈے مہمانِ خصوصی تھے۔دربار میں منڈی جالیاں ،اتولی، اعظم آباد، بیدار، چھمبر کناری اور کھیت کے لوگوں نے شمولیت کی۔ اس موقعہ پر مقررین نے اپنے علاقہ جات کے مسائل پولیس افسران کے سامنے رکھے۔ مقررین نے کہا کہ منڈی میں پولیس عوام تال میل بہتر ہے اور پولیس کو سماج میں برائیوں کو روکنے کے لئے اپنی مہم مزید تیز کرنی چاہیے۔ مقررین نے کہا کہ منڈی تحصیل ضلع پونچھ کا ایک ایسا علاقہ ہے جہاں پر قانون کی بالا دستی کو ہمیشہ ترجیح دی گئی اور اگر کبھی کسی کے درمیان کوئی جھگڑا ہو جاتا ہے تو پولیس اس کو ایک دوسرے کی رضا مندی سے ہی نپٹا دیتی ہے۔انہوں نے منڈی کے دور دراز علاقہ جات میں بجلی، پانی، رسوئی گیس جیسی سہولیات کو عوام کو بہم پہنچانے کی بھی اپیل کی۔ اس موقعہ پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر نواز کھانڈے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور پولیس کا چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع پولیس کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ وہ عوام کے ساتھ بہتر تعلقات رکھ کر مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے۔انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ یہاں کی نوجوان نسل کو منشیات سے پاک رکھیں اور اپنی اولاد کو اس ترقی یافتہ دور میں تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین کریں تاکہ وہ تعلیم کے میدان میں نام کماسکیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس ہمیشہ عوام کے مسائل کے ازالہ کے لئے کوشاں رہتی ہے اور آنے والے وقت میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل حل کریں گے۔اجلاس میں ایس ایچ او منڈی سوم راج، پی ڈی پی بلاک صدر بلال مقدومی، پرویز ملک وغیرہ بھی موجو دتھے۔
بادل پھٹنے سے متاثرہ خاندانوں کو عید پر بھی پانی نہ ملا
طارق شال
تھنہ منڈی //محکمہ پی ایچ ای تھنہ منڈی کے کھبلاں علاقے میں عید کے روز بھی پانی کی سپلائی فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہواہے۔بادل پھٹنے سے اس علاقے میں پانی کی سپلائی متاثر ہوگئی تھی جس کے بعد محکمہ کی طرف سے سپلائی کی بحالی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔مقامی عوام نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کھبلاں کے عوام کو پینے کا پانی فراہم کرنے میں غیر سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کی شام کو تھنہ منڈی کے علاقہ کھبلاں میں بادل پھٹنے سے لوگوں کو بھاری نقصان ہوا ہے اور پانی کی سپلائی لائن بھی متاثر ہوئی۔ان کا کہناتھا کہ محکمہ کے آفیسران عید کی چھٹیوں کے سبب انہوں نے اپنے موبائل سوچ آف کر دیئیاوراس وقت تک محکمہ پی ایچ ای کے کسی آفیسر نے تکلیف گوارہ نہیں کی کہ وہ کھبلاں اور لاح کے متاثرین کی خبر گیری کرنے کے لئے موقعہ پر آئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے آفیسر عید الفطر منانے میں مصروف رہے اور متاثرین کی پرواہ تک نہیں کی گئی۔
راجوری کے وارڈ نمبر آٹھ میں پانی کی قلت
راجوری//راجوری کے وارڈ نمبرآٹھ میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور لوگ ہینڈ پمپ سے پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق پچھلے تین چار دنوں سے پانی کا بحران پایاجارہاہے جس سے مقامی آبادی بری طرح سے متاثر ہے۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ وہ کئی روز سے مقامی مسجد کے نزدیک نصب ہینڈ پمپ سے پانی لاتے ہیں جس کیلئے انہیں راتوں کی نیند حرام کرناپڑتی ہے۔دریں اثناضلع انتظامیہ نے بتایاکہ گزشتہ رات بجلی کی سپلائی متاثر ہونے سے پانی کی سپلائی نہیں ہوسکی۔
تھنہ منڈی میں عید الفطر جوش و خروش سے منائی گئی
طارق شال
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کے اطراف و اکناف میں سنیچر کیروز عید الفطر بڑے جوش و خروش سے منائی گئی۔مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی،غوثیہ جامع مسجد،حنفیہ جامع مسجد ہسپلوٹ،جامع مسجد راجدھانی،جامع مسجد شاہدرہ شریف،جامع مسجد الال،جامع مسجد منگوٹہ نزد زیارت،جامع مسجد درہ ،جامع مسجد عظمت آباد اور منیہال ،بہروٹ ، پلانگڑھ،ساج اور دداسن بالا کی تمام مساجد میں فرزندان توحید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔عیدالفطر کی نماز سے قبل آئمہ مساجد نے مفصل طور پر روشنی ڈالتے ہوئے اللہ تعالیٰ کیاحکام کے مطابق اور محمد صلی علیہ وسلم کینورانی اور پاکیزہ طریقہ پر زندگی گزارنے کی تلقین کی۔ تمام مساجد میں نماز کے بعد ملت اسلامیہ کی یکجہتی اور ملک قوم کی امن سلامتی کے لئے دعائیں مانگی گئی۔ تحصیل تھنہ منڈی کی تمام مساجد میں بچوں ، بزرگو ں کے علاوہ نوجوانوں نے آپس میں گلے ملکر خوشیوں کا اظہار کیا۔
فیس بک پر حساس اظہار رائے
پولیس نے تحقیقات شروع کردی
سمت بھارگو//راجوری//مینڈھر کے سلانی علاقے سے تعلق رکھنے والے فوجی اہلکار اورنگ زیب کے اغوا اور قتل معاملے پر سوشل میڈیا پر حساس اظہار رائے پر پونچھ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے جبکہ کچھ لوگوں کو پوچھ تاچھ کیلئے طلب بھی کیاگیاہے۔ذرائع نے بتایاکہ اورنگ زیب کے قتل سے قبل مسلحہ افراد کی طرف سے اس سے کی گئی پوچھ تاچھ پر مبنی ویڈیو پونچھ کے ایک لڑکے سماجی روابط کی سائٹ فیس بک پر اپ لوڈ کی جس پر کئی صارفین نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ذرائع نے مزید بتایاکہ کچھ لوگوں نیحساس رائے ظاہر کی جو امن و قانون کیلئے خطرناک ہے۔ایڈیشنل ایس پی پونچھ انوار الحق نے کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ اس معاملے پر تحقیقات کی جارہی ہے۔
شجاعت بخاری کے قتل کی مذمت
مینڈھر//پریس کلب مینڈھر نے کشمیر کے سینئر صحافی شجاعت بخاری کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ملوثین کے خلاف کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے۔اس سلسلے میں پریس کلب مینڈھر کے صدر جاوید اقبال کی صدارت میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہواجس میں شجاعت بخاری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملوثین کو کیفرکردارتک پہنچانے کی مانگ کی گئی۔
شہزاد ملک کا اظہار تعزیت
مینڈھر//سائیں ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے سلانی کے مہلوک فوجی اہلکار اورنگ زیب کے گھر جاکر ان کے لواحقین سے تعزیت کی۔اس موقعہ پر انہوں نے اہل خانہ کی ڈھارس بندھاتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور نوجوان فوجی اہلکار کی مغفرت کیلئے دعاگو ہیں۔