پونچھ// جموں وکشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کے بینر تلے پٹواریوں کی کام چھوڑ ہڑتال پوری ریاست کی طرح پونچھ میں37ویں روز بھی جاری رہی۔اس دوران دھرنے پر بیٹھے پٹواریوں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اور ان کو پورا کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے ریاستی سرکار کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ محکمانہ ترقی ان کا حق ہے اور اگر باقی محکمہ جات میں ترقی ملتی ہے تو پھر ان کے ساتھ کیوں ناانصافی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کا گریڈ بھی بڑھایاجائے اور نئے پٹوار خانے بنائے جائیں۔ احتجاجی مظاہرہ کے دوران ضلع صدر بشارت کاظمی اور تحصیل صدر سلمان میر نے کہاکہ پٹواریوں کے سبھی مطالبات جائز ہیں اوران کو پورا کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ پٹواریوں کی ہڑتال سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامناہے ا س لئے حکومت ان کے مطالبات پور اکرکے ہڑتال ختم کروائے۔اس موقعہ پر ضلع نائب صدر محمد ظفر ،سکریٹری محمد نواز، شہناز اختر ،بشپ کرمال ،اندرجیت سنگھ ،محمد سلیم وغیرہ نے کہا کہ وہ پچھلے سینتیس روز سے ہڑتال پر ہیں لیکن ان کے مطالبات حل نہیں کئے جا رہے۔انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ریاستی انتظامیہ ان کے جائز مطالبات کو پورا کرے گی اوران کے تنخواہ گریڈ میں اضافہ ہوگاجبکہ براہ راست نائب تحصیلداروں کی بھرتی پر پابندی عائد کی جائے گی۔