راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے نیشنل شیڈیولڈ کاسٹ شیڈیولڈ ٹرائب ہب (این ایس ایس ایچ)کے ایک روزہ بیداری کیمپ اوردیگر سکیموں کا افتتاح کیا۔اس کیمپ کا اہتمام جموں وکشمیر کھادی و ولیج انڈسٹریز بورڈ جموں وکشمیر کی طرف سے کیاگیاتھا۔اس موقعہ پر ڈپٹی سی ای او پون گپتا،چیف اکائونٹ افسرمحمد اشرف ہقلہ،کے وی آئی بی کے ضلع افسر راجوری ،دیگر محکمہ جات کے افسران ،سابق پنچایتی نمائندگان اور عام لوگوں نے بھی شرکت کی۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ایس ٹی ایس سی ہب جیسی سکیمیں درج ذیل قبائل کو چھوٹے چھوٹے کارخانوں کے ذریعہ روزگار فراہم کرنے کیلئے اہم ہیں اوراس سے ان طبقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی ہوسکے گی۔انہوں نے کہاکہ اس سکیم کی کیپسٹی بلڈنگ پہل کے تحت دوہزار ہنرمندوں کو تربیت دی جائے گی تاکہ وہ کلسٹر بناکر روزگار کماسکیں۔اس موقعہ پر پہاڑی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین کلدیپ راج گپتا بھی موجود تھے جنہوں نے کے وی آئی بی کو اس طرح کا ورکشاپ منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہاکہ اس سے یقینی طور پر نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔