مینڈھر//ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے مینڈھر کادورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ زیر تعمیر کاموں کو مقررہ مدت کے اندر اندر مکمل کریں۔انہوں نے علاقے کی سماجی و اقتصادی صورتحال میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بی جی۔پونچھ سڑک پر ہٹ تعمیر کئے جائیں تاکہ سیاح اس جانب راغب ہوسکیں۔انہوں نے کہاکہ یہ علاقہ سیاحتی لحاظ سے کافی دلفریب ہے جہاں سہولیات کی فراہمی سے سیاح اس طرف آسکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر کو ہدایت دی کہ وہ بھمبر گلی۔پونچھ سڑک کے کنارے پی ڈبلیو ڈی ہٹ تعمیر کرنے کیلئے ڈی پی آر تیار کریں۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی سہولیات سے سیاحتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی اوربارڈرسیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔بعد ازآں انہوں نے کوٹاں۔مینڈھر سڑک کا جائزہ لیا۔یہ سڑک دفاعی مقاصد کے ساتھ ساتھ سرحدی علاقے کے عوام کیلئیکافی اہمیت کی حامل ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ایگزیکٹو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایت دی کہ وہ ٹریفک کے بوجھ کو دیکھتے ہوئے سڑک کی کشادگی کیلئے ڈی پی آر تیار کریں۔اس دورے کے دوران ان کے ہمراہ محکمہ تعمیرات عامہ،محکمہ پی ایم جی ایس وائی،پی ڈی اے، گریف کے افسران،تحصیلدار اور دیگر افسر بھی تھے۔