راجوری+پونچھ//راجوری اور پونچھ اضلاع میں مختلف تعلیمی و دیگر اداروں میں یوگاکاعالمی دن منایاگیا۔راجوری میں اس سلسلے کا ایک پروگرام ڈاک بنگلہ میں منعقد ہواجس میں اے ڈی ڈی سی راجوری اوتار سنگھ چب نے بھی حصہ لیا۔اس دوران یوگا کے ماہرین نے اس کے جسمانی تندرستی فوائد کے بارے میں بتایا۔اسی طرح کا ایک پروگرام منی سپورٹس سٹیڈیم راجوری میں ہواجہاں بڑی تعداد میں لوگوں اور ضلع انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ہمالین کالج راجوری میں بھی اسی طرح کا ایک پروگرام ہواجس میں سینکڑوں کی تعداد میں طلاب نے شرکت کی۔ضلع ہسپتال راجوری ،جامعہ ضیاالاسلام منجاکوٹ اور دیگر اداروں میں بھی یوگاکاعالمی دن منایاگیا۔دریں اثناپونچھ میں بھی یوگاکی تقریبات منعقد ہوئیں۔اس سلسلے میں بی ایس ایف کی پچاسویں بٹالین کی جانب سے کھنیتر نالہ میں ایک پروگرام منعقد کیاگیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور ایک دوسرے کو یوگاکا پیغام دیا۔اس موقعہ پر کمانڈنگ افسر نریش چترویدی نے کہاکہ یوگاکی وجہ سے ہندوستان کی پوری دنیا میں پہچان ہوئی ہے اور وہ لوگ بھی یہاں کی ثقافت اورزبان سے واقف ہوئے ہیں جو آج تک ناآشنا تھے۔انہوں نے کہاکہ یوگادماغ،جسم اور روح کو ایک ساتھ جوڑتاہے اور یہ عمل آج ہندوستان کو دنیا سے جوڑرہاہے۔انہوں نے کہاکہ جس طرح کھانے میں ذرا سا نمک ذائقہ دیتاہے بلکہ وہ صحت کے لئے بھی ضروری ہے،ٹھیک ویسے ہی یوگا کی اہمیت بھی صحت اور ذہنی سکون کے لئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا مفت ہیلتھ انشورنس کی طرح ہے۔اس دوران یشن تنظیم کی طرف سے پریڈ پارک پونچھ میں یوگا کا عالمی دن منایاگیا۔ اس کے علاوہ تحصیل منڈی، تحصیل سرنکوٹ اور مینڈھر میں بھی سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کی طرف سے پروگرام منعقد ہوئے۔