پونچھ// جنرل لائن کیٹاگری ایمپلائز ایسوسی ایشن پونچھ کے ضلع صدر سلیم احمد بانڈے کی قیادت میں ایک اجلاس پریڈ پارک پونچھ میں منعقد کیا گیا جس میں جنرل لائن کیٹا گری سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں ملازمین نے شرکت کی۔اس موقعہ پر انہوں نے مطالبہ کیاکہ ریزرویشن کی بنیاد پر ترقی کو ختم کیاجائے۔مقررین نے کہا کہ پرموشن میں ریزرویشن کی وجہ سے ان پڑھے لکھے ملازموں کے ساتھ عرصہ دراز سے نا انصافی ہو رہی ہے جو قابلیت ہونے کے باوجود پر موشن نہیں لے پا رہے۔انہوں نے ریاستی گورنر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں کڑے اقدام اٹھا کر اس قانون کو ختم کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح کا کوئی قانون بنایا بھی جائے تو اس میں کسی خاص کنبے یا طبقہ کو شامل نہ کیا جائے بلکہ یہ قانون اقتصادی و سماجی پسماندگی کی بنیاد پر ریاست جموں و کشمیر کے تمام طبقہ جات کے لئے ہو۔سلیم بانڈے نے کہا کہ ملک کی دوسری ریاستوں میں پروموشن میں ریزرویشن کی رعایت پرہائی کورٹ نے پابندی عائد کی ہے تاہم ریاست میں اس حوالے سے خاموشی اختیار کی گئی ہے۔انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ اس قانون کو ختم کیاجائے۔