منجاکوٹ//منجاکوٹ میں پچھلے کچھ عرصہ سے پانی کا بحرا ن پایاجارہاہے اور مردو خواتین کو کئی کلو میٹر کی مسافت طے کرکے اپنے اور مویشیوں کے پینے کیلئے پانی کا بندوبست کرناپڑتاہے۔قلت آب کا مسئلہ مقامی لوگوں کیلئے پریشان کن بناہواہے اور محکمہ کی طرف سے انہیں کوئی مدد نہیں مل رہی۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے سابق نائب سرپنچ منجاکوٹ حاجی محمد شفیع نے کہا کہ پچھلے کئی دنوں سے لوگ پانی سے محروم ہیں اور محکمہ کو ٹس سے مس نہیں۔انہوں نے الزام لگایاکہ محکمہ کی لاپرواہی کے باعث لوگ گندہ پانی پینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر منجاکوٹ ہیڈکوارٹر کی ایسی حالت ہے تو دیگر دوردراز علاقوں کا کیا عالم ہوگا۔انہوں نے کہاکہ منجاکوٹ قصبہ میں کافی لوگ آبادہیں اور ساتھ ہی کئی دفاتر بھی قائم ہیں جہاں پانی کی سپلائی کا ہر وقت چالو رہنا لازمی ہے تاہم محکمہ اپنی جانب سے فرائض کی انجام دہی میں ناکام ہوگیاہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ پانی کی اس قدر قلت ہے کہ نمازیوں کو وضوکرنے کیلئے پانی نہیں ملتا۔انہوں نے کہاکہ سپلائی بند ہے اور محکمہ کوئی متبادل انتظام بھی نہیں کررہا۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ فوری طور پر اقدامات کرکے پانی کا بندوبست کیاجائے اور لوگوں کو دربدر ہونے پر مجبور نہ کیاجائے۔