پونچھ میں شہدائے کربلاکی یاد میں سبیل کا اہتمام
عظمیٰ نیوز
پونچھ//شیعہ یوتھ پونچھ کی جانب سے ہاتھی تھان بازار میں شہدائے کربلا کی یاد میں سبیل لگائی گئی۔ اس دوران بڑی تعداد میں افراد کو شدید گرمی میں شربت پلایا گیا۔اس موقعہ پر شیعہ یوتھ کے صدر شفیق حسین بابا نے کہا کہ سید الشہدا ئے کربلاحضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء ؑ نے جس طرح کربلا کے بے آب صحرا میں عالم انسانیت کے لئے قربانی پیش کی اس کی مثال اور کہیں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی قربانی ہر اس ظالم حکمران کو آج بھی جھنجوڑ دیتی ہے جو ظلم و ستم کر کے اقتدار حاصل کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امام عالی مقا م نے اپنے چاہنے والوں کو یہ پیغام دیاتھاکہ جب بھی ٹھنڈا پانی پیو تو میری پیاس کو ضرور یاد رکھنا اورانہوں نے بھی امام ؑ کی یاد میں سبیل کا اہتمام کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ واقعہ کربلا ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور اسے ملنے والے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی ضرورت ہے۔ان کاکہناتھاکہ یہ واقعہ صبر،استقلال ،ایثاراور راہ خدا میں بے سرو سامان شہید ہونے کا جذبہ دیتاہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ ریاست جموں و کشمیرمیں امن و امان قائم ہو۔اس موقعہ پر ظہیر عباس وانی، رفاقت علی، انصار علی، طاہر وانی، واجد علی اور انجمن جعفریہ پونچھ کے ارکان بھی موجو دتھے۔
پانچ سال سے سلیکشن لسٹ جاری نہیں ہوئی
فائر سروس امیدوارریاستی گورنر سے فریادی
حسین محتشم
پونچھ//فائر اینڈ ایمرجنسی کی پانچ سال قبل ہونے والی بھرتی کی سلیکشن لسٹ آج تک جاری نہیں کی گئی جس کی وجہ سے امیدوار شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔فائر سروس کے امیداروں کاکہناہے کہ 2013میں ہوئی بھرتی میں ریاست بھر سے تقریباً چالیس ہزار نوجوانوں نے 840اسامیوں کیلئے اپنی قسمت آزمائی جس کا تحریری امتحان بھی جموں میں سال2014 میں ہوا لیکن آج تک اُس کی سلیکشن لسٹ جاری نہیں کی گئی۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے عمران، اسرار احمد خان ، صفدر عباس، انعام اللہ، عظیم الحق، محمد آصف، محمد عمران اورمعراج نے کہاکہ اس فہرست کے جاری کرنے میں انتہائی غفلت کا مظاہرہ کیاگیاہے اور اب چونکہ ریاست میں گورنر راج کانفاذ ہے تووہ موصوف سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سلیکشن لسٹ کو منظر عام پر لانے کا حکم جاری کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ بروقت لسٹ کو منظر عام پر نہ لانے سے کئی امیدوارعمر کی حد پار کرچکے ہیںاوروہ اس بات کا انتظار کررہے ہیں کہ یہ فہرست جاری ہوگی اور وہ ملازمت جوائن کریں گے ۔امیدواروں کاکہناہے کہ حکومت کے فاسٹ ٹریفک بنیاد پر بھرتی کے وعدے سراب ثابت ہوئے ہیں اور وہ ذہنی طور پر سخت پریشان ہیں۔ان کاکہناتھاکہ ان پانچ برسوں کے دوران انہوںنے ہر ایک دفتر کے چکر کاٹے مگر کسی کے کانوں جوں نہیں رینگی ۔انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں ذاتی مداخلت کرکے اس فہرست کو جاری کروائیں ۔
عوام افواہوں پر دھیان نہ دیں:شمیم ڈار
محبوبہ مفتی نے عوامی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا
حسین محتشم
پونچھ//پی ڈی پی کے ضلع صدر پونچھ شمیم احمد ڈار نے بھاجپا کی جانب سے حکومت سے حمایت واپس لئے جانے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس جماعت کا ایجنڈا الگ تھا جس میں وہ کامیاب نہیں ہوئی اوریہی وجہ ہے کہ اس نے اتحاد توڑ دیا۔پونچھ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈار نے کہاکہ رسانہ عصمت ریزی و قتل کا معاملہ ایک بڑا مسئلہ تھا جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اہم لیڈران نے سیاست کی جس پر سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کارروائی کی اور کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی صدر کی طرف سے اٹھائے گئے دلیرانہ اقدام بھاجپا کو کھٹک رہے تھے اوربالآخراس جماعت نے حمایت واپس لے لی۔ان کاکہناتھاکہ وہ پی ڈی پی کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیںگے اورانہیں ہدایات پر عمل کریں گے جو اعلیٰ حکام سے ملیں گی۔انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور علاقے میں امن و بھائی چارے کو برقرار رکھنے میں رول اد اکریں ۔شمیم ڈار نے کہا کہ ریاست میں محبوبہ مفتی کی قیادت میں نہایت ہی عمدگی سے ترقیاتی منصوبہ پر کام کیا جا رہا تھااوروہ حکومت کی چار سالہ کار کردگی سے بالکل مطمئن ہیں اوراپنی قائد محبوبہ مفتی سے اس سلسلہ میں کوئی شکایت نہیں۔ان کاکہناتھاکہ حکومت ایجنڈا آف الائنس پر کام کررہی تھی کہ بھاجپا نے پلو جھاڑ دیالیکن انہیں پی ڈی پی صدر پر فخر ہے جنہوں نے عوامی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔اس موقعہ پر پارٹی کے دیگر ارکان بھی موجو دتھے۔کارکنان نے محبوبہ مفتی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان کی قیادت میں پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام جاری رکھیںگے۔
پٹواریوں کی 39دن سے جاری ہڑتال ختم
حسین محتشم
پونچھ//پٹواریوں کی جانب سے ریاست جموں و کشمیر کے دوسرے اضلاع کی طرح پونچھ میں بھی لگاتار ایک ماہ سے کام چھوڑ ہڑتال جاری تھی جس کو جمعہ کے روز ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے پٹوار ایسوسی ایشن پونچھ کے تحصیل صدر سلمان علی میر نے بتایا کہ گزشتہ روز پٹوار ایسوسی ایشن کی ریاستی سطح کے کمیٹی کا ایک وفد گورنر سے اپنے مطالبات کو لیکر ملاقی ہوا جس دوران وفد نے ایک تحریری میمورنڈم بھی گورنر کو پیش کیا جس کے بعد گورنر نے یقین دلایا کہ ان کے تمام مطالبات پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پٹوار ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر کی ہدایت پر وہ اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ گورنر پٹواریوں کے جائز مطالبات جلد از جلد پورے کریں گے۔ یاد رہے کہ پٹواری اپنے تنخواہ گریڈ میں اضافے ، ڈی پی سی تیار کرکے جلد ترقی سے نوازنے،نائب تحصیلداروں کی براہ راست بھرتی پرپابندی عائد کرنے ،نئے پٹوار خانے قائم کرنے اور کرایہ پر لئے گئے پٹوار خانوں کے کرایہ کی ادائیگی و دیگر مطالبات پر کام چھوڑ ہڑتال پر تھے ۔پٹواریوں کی اس کام چھوڑہڑتال کی وجہ سے عام لوگوں کو سخت مشکلات کاسامناکرناپڑا اور انہیں اسناد ،دستاویزات اور نقول کی حصولی میں مشکلات پیش آئیں۔
ککوڑہ کاغریب گھرانہ انصاف کا متلاشی
پرویز خان
منجاکوٹ//منجاکوٹ کے ککوڑہ علاقے کے ایک غریب گھرانے سے ڈپٹی کمشنر راجوری سے انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔اس کنبے کے افراد کا الزام ہے کہ کچھ لوگ انہیں غریب سمجھ کر دبائو ڈال رہے ہیں اور طاقت کے بل بوتے پر ان کی زمین میں اگے پیڑ کاٹے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف دلایاجائے۔ ان کاکہناتھاکہ اس سلسلے میں کچھ روز قبل پولیس بھی موقعہ پر آئی جس نے صورتحال کا خود مشاہدہ کیاتاہم ابھی تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی اور وہ بے یارو مددگار بنے ہوئے ہیں۔ان کاکہناہے کہ وہ انصاف کے لئے دربدر ہیں اور ڈپٹی کمشنر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ انصاف کریں ۔
ڈاکٹر شہزاد کی مختلف وفود سے ملاقات
جاوید اقبال
مینڈھر//سائیں ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے مینڈھر کے مختلف علاقوں کے وفود سے ملاقات کرکے ان کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ٹی آر سی سنٹر مینڈھر میں انہوں نے بالاکوٹ،گوہلد،دھرانہ،بھیرہ و اڑی کے لوگوں کے وفود سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے۔اس دوران وفود میں شامل لوگوں نے کہاکہ بجلی ،پانی اور سڑک سہولت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مشکلات کاسامناہے۔انہوں نے کہاکہ وہ عوامی حکومت میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم رہے ہیں اور اب تو ریاست میں گورنر راج کانفاذ ہے جس میں ان کی کہیں سنوائی ہی نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں حکام سے بات کی جائے اوران کے مسائل حل کروائے جائیں۔ڈاکٹر شہزاد نے لوگوں کو یقین دلایاکہ وہ اس سلسلے میں بالا حکام سے بات کریں گے ۔انہو ں نے تعلیمی نظام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ا س شعبے کی طرف خصوصی توجہ دی جائے اور بچوں کو تعلیم دلائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ تعلیم ہی سب کچھ ہے اور قوموں کی ترقی اسی سے ہوسکتی ہے۔شہزاد ملک نے والدین پر زور دیاکہ وہ تمام تر توجہ اپنے بچوں کی معیاری اور بہتر سے بہتر تعلیم پر مرکوز کریں ۔انہوںنے طبی امداد کی فراہمی پر بھی زور دیا۔شہزاد ملک پچھلے کئی روز سے مینڈھر کے مختلف علاقوں کا دورہ کررہے ہیں اور ان سے لوگ ملاقات کرکے اپنے مسائل سے آگاہی دیتے ہیں۔