تھنہ منڈی //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے دیگر افسران کے ہمراہ پیر کے روزسب ڈیویژن تھنہ منڈی کا تفصیلی دورہ کر کے مختلف محکموں کے تحت چل رہے کاموں کا جائزہ لیا۔ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر راجوری عبدالقیوم میر، ایگز یکٹو انجینئر تعمیرات عامہ مشتاق احمد رینہ، ایگز یکٹو انجینئر محکمہ پی ایچ ای نثار احمد خان، ڈسٹرکٹ پروجیکٹ آفیسر راجوری ڈاکٹر عبدالخبیر،چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری چوہدری لعل حسین،سب ڈیویژنل آفیسر تھنہ منڈی مرزا محمد افضل، سب ڈیویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری، تحصیلدار تھنہ منڈی قاضی قدیر الرحمن اور بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر تھنہ منڈی محمد قاسم چوہدری بھی تھے۔اس دوران انہوں نے شاہدرہ شریف زیارت پر حاضری بھی دی۔قبل ازیں موصوف نے شاہدرہ شریف تا کنڈاں کلیاں سڑک کا سنگ بنیاد رکھا جسکی لمبائی تین کلو میٹر ہے۔ڈپٹی کمشنر نے جامع مسجد تھنہ منڈی کا دورہ کیا جہاں پر انکا امام و خطیب جامع مسجد تھنہ منڈی مفتی عبدالرحیم خان قاسمی ضیائی، صدر بیوپار منڈل تھنہ منڈی حاجی غلام محی الدین عارف، مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ بابا غلام شاہ ہائر اسکنڈری اسکول کے سرپرست خورشید احمد بسمل، بلاک صدر پی ڈی پی محمد اقبال رینہ، تنویر حسین خان و دیگران نے استقبال کیا اور انہیں مقامی مسائل سے آگاہ کیا ۔ مقامی لوگوں نے مانگ کی کہ مرکزی جامع مسجد کے لئے پارکنگ اور ایک پل تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے مسجد اور مدرسہ کے لئے پانی کی قلت کو دور کرنے کی خاطر ٹینک تعمیر کرنے کی بھی مانگ کی۔ موصوف نے مدرسہ التوحید کا بھی معائنہ کیا جسکی عمارت زیر تعمیرہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کو مدرسہ کی انتظامیہ کی طرف سے اسلامی کتابیں بطور تحفہ پیش کی گئیں۔ موصوف نے دداسن پائیں میں طبی مرکز کی عمارت کے چل رہے کا م کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ زیر تعمیر تمام کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں ۔دریں اثناء ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی میں پی ایچ ای ایمپلائز ایسو سی ایشن نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کا استقبال کیا۔اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد کی گئی جسکی سربراہی پی ایچ ای ایمپلائز ایسو سی ایشن و انٹک ضلع صدر طاہر احمد شال نے کی۔ اس موقعہ پر محکمہ کے مستقل و عارضی ملازمین نے شرکت کی ۔