پونچھ//تحصیل حویلی کے موضع منگناڑ میں جدید طرز پر تعمیر کرائی گئی مسجدِ تقویٰ کو نمازِ پنجگانہ کے لئے گذشتہ روز عوام الناس اہلسنُنّت و جماعت کے نام وقف کر دیا گیا۔ غو ر طلب ہے کہ پونچھ کے ایک معروف سیاسی گھرانے کے افرادِ خانہ نے اس مسجد کو اپنے ذاتی اخراجات سے تعمیر کروا کر عوامِ اہلسُنّت کے نام پنجگانہ نمازوں کی ادائیگی کے لئے وقف کردیا۔ اس موقع پر خطیبِ پونچھ مولانا مفتی فاروق حُسین مصباحی کی صدارت میں عوامِ علاقہ کا ایک اہم ترین اجلاس منعقد ہوا جس میں تعمیر مسجد اور اس میں پنجگانہ نماز کے قیام کے حوالے سے مُثبت گفتگو ہوئی ۔ مولانا نے احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں حاضرین کو بتایا رُوئے زمین پر مسجدیں کی وہ پاکیزہ مقام ہیں جس کی طرف دیکھنا، چل کر آنا، اُسے تعمیر کرنا ، اُس کی صفائی کا خیال رکھنااوروہاں محض بیٹھے رہنا بھی عبادت ہے۔ اُنہوں نے حاضرین کو بتایا کہ جہاں جدید طرز تعمیر کا خیال رکھتے ہوئے مسجدوں کی تعمیر اُس کی خُوبصورتی میں چار چاند لگاتی ہے وہیں مسجدوں کا اصل حُسن و جمال وہاںجاکر ربّ ِ لم یزل کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہونا ہے۔ موصوف نے حدیث بیان کرتے ہوئے بتایا کہ مسجدیں خُدا کا گھر ہیں اور یہ پاک مقامات ہیں لہذا اِن میں آنے والے کا دِل ودِماغ، افکار و خیالات اور ظاہر و باطن یقینا پاکیزہ ہوگا۔ اُنہوں نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ جیسے لوہار کی دوکان میں بیٹھنے والا چنگاریوں سے محفوظ نہیں رہ سکتا اور عطار کی دوکان میں بیٹھنے والا خُوش بو سے محظوظ ہوتا ہے اُسی طرح مسجد میں آنے والا رحمت ِ الٰہی کا حقدار ہوتا ہے۔ مسجد کی تعمیر کے حوالے سے مولانا نے بتایا کہ جس شخص نے دُنیا میں اللہ تعالیٰ کے گھر کی تعمیر کی ربّ ِ قدوس اُس کے لئے جنّت میں محل تعمیر کرواتا ہے۔ مولانا نے پونچھ کے معروف گنائی خاندان کی اِن کائو شوں پر اُنہیں مبارک باد پیش کی اور ربّ ِ قدیر کی بارگاہ میں اُن کے افرادِ خانہ اور مرحومین کے لئے دُعائے خیر کی۔ مولانا نے عوامِ علاقہ کے معززین سے محوِ گفتگو ہوتے ہوئے کہا کہ جس علاقہ میں مسجد کی تعمیر کے بعد وہاں توحید و رسالت کی صدائیں بُلند ہوتی ہیں اللہ تعالیٰ اُس بستی پر سے زمینی و آسمانی آفتوں ، بلائوں اور پریشانیوں کا قلع قمع فرما دیتا ہے۔ مولانا موصوف نے معززین سے کہا کہ اب یہ اُن کی ذمہ داری و حق ہے کہ وہ اپنے دیگر دوست و احباب تک نماز پنجگانہ اور اپنے نونہالوں کو دینی تعلیم اور قُرآنِ مقدس کے سیکھنے کی دعوت پہنچائیں جس پر حاضرین نے مُثبت رّدِ عمل ظاہر کیا ۔ اس اہم اجلاس کے اختتام پر کُل عالمین کی صحت و سلامتی کے لئے دُعائے خیر کی گئی اور صلوٰۃ و سلام پر مجلس کا اختتام ہوا۔