راجوری//راجوری کے منجاکوٹ راجدھانی علاقے میں دس کنبے آج بھی ایسے ہیں جن کوبرقی رو سے محروم رکھاگیاہے۔اس علاقے کو بجلی سپلائی فراہم کرنے کیلئے کئی بار منصوبے بنائے گئے اور سیاسی لیڈران نے بھی مقامی عوام کو یقین دہانیاں دیں تاہم آج تک انہیں سپلائی فراہم نہ ہوسکی ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ملک محلہ میں آج تک برقی رو فراہم نہیں کی گئی ۔ان کاکہناتھاکہ وہ کئی برسوں سے بجلی سپلائی کا انتظار کررہے ہیں تاہم انہیں اس سہولت سے اکیسویں صدی میں بھی محروم رکھاگیاہے۔مقامی لوگوں کاکہناتھاکہ ان کے علاقے کی پسماندگی کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہے کہ آج تک برقی رو سپلائی نہیں کی گئی ۔انہوں نے الزام لگایاکہ ان کے ساتھ ہر ایک دور میں ناانصافی ہوئی اور استحصال کیاگیا۔ان کاکہناہے کہ وہ منتخب نمائندوں سے یہ سوال کرتے ہیں کہ آج تک کیوں انہیں بجلی کی سپلائی فراہم نہیں کی گئی اور کیوں جھوٹے وعدے کئے گئے۔ان کاکہناتھاکہ ایک بار پھر سے وہ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کے علاقے میں بجلی سپلائی فراہم کی جائے تاکہ اکیسویں صدی کے دورمیں انہیں بھی روشنی مل سکے۔اس حوالے سے محکمہ بجلی کے ذرائع نے بتایاکہ 01/07/2017کو ڈپٹی کمشنر راجوری کے دفتر سے ایگزیکٹو انجینئر محکمہ بجلی کو ہدایت دی گئی کہ وہ علاقے کا دورہ کرکے پروجیکٹ رپورٹ تیار کریںتاکہ علاقے کے لوگوں کو بجلی کھمبوں اور ترسیلی لائنوں کی فراہمی کے ساتھ بجلی دی جاسکے۔ذرائع نے بتایاکہ اس ہدایت پر محکمہ کے ایگزیکٹو انجینئر نے ایک پرپوزل پیش کیاجس میں بتایاگیاکہ اس پروجیکٹ کیلئے 2.25لاکھ روپے درکار ہیں۔دریں اثناء ضلع انتظامیہ راجوری نے بتایاہے کہ علاقے میں سولہ میں سے چھ کنبوں کو بجلی فراہم کی گئی ہے جبکہ دس باقی بچ گئے ہیں ۔انتظامیہ کے مطابق باقی ماندہ کنبوں کو بجلی سپلائی فراہم کرنے کیلئے سوبھاگیا سکیم کے تحت ترسٹھ کے وی کا ٹرانسفارمر اور ایچ ٹی و ایل ٹی لائنیں رکھی گئی ہیں ۔