جموں // جموں ویسٹ اسمبلی مومنٹ کے صدر سنیل ڈمپل کی قیادت میں جانی پور میں جموں میونسپل کارپوریشن کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔یہ ریلی ٹالی موڑسے نیو پلاٹ امپھلاتک نکالی گئی اس دوران لوگوں نے جموں میونسپل کارپوریشن کے خلاف احتجاج کیا اور انتظامیہ پر الزام لگایا کہ جانی پور ہائی کورٹ سڑک کے گردونواح کی نالیاں صاف رکھنے میں انتظامیہ ناکام ہے جس کی وجہ سے ہلکی بارش کے دوران ہی ان نالیوں میں پانی جمع ہوگیا ہے اور پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے ۔علاقہ کے باشندوں کے ساتھ ساتھ تاجروں نے بھی ریاستی سرکار سے اپیل کی ہے کہ جموںکو سمارٹ سٹی بنایا جائے کیوں کہ یہاں کے لوگوں کو بہت ساری مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ٹریفک کو لے کر یہاں کی عوام کو بڑی مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے کیوں کہ نہ علاقہ میں پارکنگ کے لئے جگہ اور نہ ہی سڑکوں پر کئی جے ایم سی لائٹوں کا انتظام نہیں ہے جو قابل تشویش ہے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سنیل ڈمپل نے اس بات کی شدید مذمت کی اور ریاست کے گورنر این این وہرہ سے اس بات کی اپیل کی کہ وہ علاقہ کے مختلف محکمات جیسے پی ڈبلیو ڈی،جے ایم سی وغیرہ محکمات کے واگزار شدہ رقومات کی جانچ کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دیں کیوں کہ جموں شہر کا ڈرنیج سسٹم کی وجہ سے پورے جموں شہر کی سڑکیں تباہ ہو کر رہ گئی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ جموں کو گزشتہ 3برس سے مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا اور اس اسمبلی حلقہ میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا ۔ڈمپل نے کہا کہ شہر کی سڑکوں کی ھالت خستہ و خراب ہے جن پر بالکل توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔