مینڈھر//دل میں جدائی کاغم لئے بھائیوں کا دیدار کرنے آئی پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے کوٹلی دنگروٹ کی 74سالہ کلثوم بی نے ابھی مینڈھر میں اپنے پیدائشی گھر میں دیگر رشتہ داروں کے ساتھ صرف پانچ دن ہی گذارے تھے کہ موت کا فرشتہ آن ٹپکا اور یہ بزرگ خاتون اچانک انتقال کرگئی۔کلثوم بی اپنے شوہررحمت اللہ خان کے ہمراہ پچیس جون کو مینڈھر میں اپنے سگے بھائیوں اوررشتہ داروں سے ملاقات کو آئی جہاں اس کا سنیچر کی صبح انتقال ہوگیا۔کلثوم کے بھائی محمد صادق ولد امام دین و دیگران کا مسکن دھرانہ مینڈھر ہے جبکہ بہن دہائیوں سے سرحد کے اس پار رہتی ہے۔ کلثوم بی چھجلہ علاقہ میں شادی کی ایک تقریب میں گئی ہوئی تھی جہاں پر وہ اچانک انتقال کر گئی۔خاتون کی موت کی خبر پاتے ہی تمام رشتہ دار اور علاقہ کے لوگ موقعہ پر پہنچ گئے۔مقامی لوگوں نے نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد نعش کو واپس بھیج دیا۔ 74سالہ خاتون کی موت آخر اپنے ہی علاقہ میں ہوئی جہاں اس نے جنم لیاتھا۔وہ 1965میں یہاں سے ہجرت کرکے اُس پار جابسی اور اس دوران پونچھ راولاکوٹ کے راستے سفر کرکے متعدددفعہ رشتہ داروں سے ملاقات کی اور واپس چلی گئی تاہم اس بار اس نے یہیں پر دم توڑ دیا ۔ایس ڈی پی او مینڈھر ریاض تانترے نے کہا کہ نعش کو واپس بھیجنے کے لئے انہوں نے تمام کاغذات مکمل کرلئے ہیں اورجسد خاکی پونچھ بھیج دی گئی ہے جہاں سے اسے اُس پار کوٹلی بھیجاجارہاہے ۔آخری اطلاعات ملنے پر نعش کو چکاں داباغ کے راستے واپس وطن بھیج دیاگیاہے۔