مینڈھر//ڈھوک گئے ہوئے خانہ بدوش کنبوں کی بھینسیں چوری ہوگئی ہیں ۔اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے ریاستی نائب صدر دھودی بنیارا ایسوسی ایشن منیر چوہدری نے کہا کہ گزشتہ دنوں دبجیاں اور اس کے گرد نو اح کی ڈھوکوں سے گوجر بکروال لوگوں کی تیس بھینسیں چور ی ہوئی ہیں جس کے بارے میں وہ پولیس کو مطلع کرچکے ہیں لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی مقدمہ درج ہواہے۔انہوں نے ہیر پور پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ چور وں کو انہوں نے پکڑ کرکے خود پولیس کے حوالے کیا تاہم اس نے کارروائی کرنے کے بجائے دس بھینسوں کے مالکان کو بیس بیس ہزار روپے دئیے اور چوروں کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ ایک ایک لاکھ کی ایک ایک بھینس چوری ہوئی لیکن پولیس نے مزید تحقیقات کرنے کے بجائے چور کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا اور بھینسوں کے مالکان کو بیس بیس ہزار روپے دے کرخاموش کردیاگیا۔انہوں نے محکمہ ویجی لینس سے انکوائری کروانے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او ہیر پور کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ۔رابطہ کرنے پر ایس ایچ او ہیر پور نے بتایا کہ لوگوں نے چور پکڑ کران کے حوالے کیا تھا لیکن کچھ لوگوں نے برادرانہ طور پر فیصلہ کرنے کو کہا ۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ دو اور چور بھی ہیں جو انہیں مل نہیں سکے تاہم ان کی تلاش کی جارہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ برادری کے فیصلے کے بعد ان دس بھینسوں کے مالکان کوچوروں نے بیس بیس ہزار روپے دئیے جبکہ باقی بھینسوں کی تفصیل ان کے پاس نہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ مزید تحقیقات کریں گے اور اگر ہو سکا تو معاملہ بھی درج کیا جائے گا۔