راجوری//جموں پونچھ شاہراہ پر دو مختلف سڑک حادثات میں تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق نوشہرہ پل کے نزدیک دو ٹرکوں کے درمیان آمنے سامنے ٹکرہوگئی جس کی وجہ سے دونوں کے ڈرائیور زخمی ہوئے ہیں جن کی شناخت دھیرج کمار ولد رشپال سنگھ ساکن سیوٹ اور نتن سنگھ ولد جیا سنگھ ساکن کٹھوعہ کے طور پرہوئی ہے جنہیں سب ضلع ہسپتال نوشہرہ منتقل کیاگیاجہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں مزید علا ج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کردیاگیاہے۔ذرائع کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ایک اور حادثہ میں اٹھارہ سالہ پراشب ولد مہندر کمار ساکن سیوٹ اس وقت زخمی ہواجب اس کا موٹرسائیکل ایک کار سے ٹکراگیا۔اسے بھی گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاہے۔پولیس نے دونوں معاملات میں کیس در ج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔