جموں //نیشنل کانفرنس مہیلا ونگ کی جانب سے چنہنی کے بلاک سیوان میں ایکروزہ کنونشن کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت مہیلا ونگ کی صوبائی صدر ستونت کور ڈوگرہ نے کی۔ اس موقعہ پر انہوں نے بی جے پی پی ڈی پی کے گٹھ جوڑ کو ناپاک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف اقتدار کی لالچ میں کیا گیا تھا جس کا خمیازہ فورسز جوانوں، عام شہریوں ، سرحدی علاقوں میں بسنے والوں اور جموں کشمیر ریاست کو بھگتنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل حالات کبھی بھی اتنے خراب نہ تھے جتنے سابق سرکار کے دور میں ہوگئے تھے جب بے گناہوں کے خون کی ندیاں بہہ گئیں۔ اس کنونشن کا اہتمام سابق سرپنچ سرشٹا جرال کی طرف سے کیا گیا تھا ، صوبائی سیکرٹری وینا اوبرائے، جوائنٹ سیکرٹری پنکی بھٹ، ضلع صدر رما گپتا اور ضلع سیکرٹری گیتا ہنڈو نے بھی مندو بین سے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پچھلے ساڑھے تین برس کے دوران رشوت خوری کا دور دورہ ہو گیا، سیاسی غیر یقینی حالات کی وجہ سے پوری ریاست میں بے چینی پھیل گئی تھی ایسے میں بی جے پی اپنی ذمہ داریوں سے فرار ہو گئی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعت جموں کے لوگوں کا جذباتی استحصال کر کے اقتدار میں آئی تھی لیکن جب لوگوں سے کئے گئے وعدے نبھانے کا وقت آیا تو انہوں نے ہاتھ کھڑے کر دئیے ، جموں کے لوگ بھاجپا کو اس غلطی کیلئے معاف نہیں کریں گے اور مناسب موقعہ پر اس کا جواب دیا جائے گا۔