جموں//گنگیال پولیس نے جعلی نوٹوں کا کاروبار کرنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 51500روپے مالیت کے جعلی نوٹ اور نشہ آور ادویات کی 175بوتلیں ضبط کی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ گریٹر کیلاش میں فوارہ چوک پر لگے ناکہ کے دوران ایک موٹر سائیکل کو روکا گیا تو اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود اہلکاروں نے انہیں روک دیا، دوران پوچھ تاچھ ان کی شناخت راکیش کمار ولد پرسرام ساکن پلانوالہ کے طور پر ہوئی اس کے قبضہ سے ممنوعہ ادویات کی 175بوتلیں برآمد ہوئیں ۔ اس نے بتایا کہ یہ بوتلیں پنجاب سے جموں شہر میں فروخت کرنے کے لئے لائی گئی ہیں ۔ اس سلسلہ میں ایک ایف آئی آرپولیس تھانہ گنگیال میں درج کر لی گئی ہے ۔ دریں اثنا ء نروال سے بڑی براہمناں کی طرف جانے والے ایک راہگیر سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس کے قبضہ سے 51500روپے مالیت کے جعلی نوٹ برآمد ہوئے ۔ اس کی شناخت رمیش کمار ولد بھجن لال ساکن چک بالا آر ایس پورہ کے طور پر کی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس تھانہ گنگیال میں معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں کیوں کہ مزید کئی افراد کے اس کاروبار میں ملوث ہونے کا امکان ہے ۔ اس شخص کے خلاف اس سے قبل پولیس تھانہ میراں صاحب اور پولیس تھانہ بشناہ میں الگ الگ معاملات درج ہیں۔ یہ گرفتاریاں ایس ایچ او گنگیال سب انسپکٹر نایت علی اور سب انسپکٹر وکی تھاپا انچارج چوکی گریٹر کیلاش کی طرف سے ایس ڈی پی او سٹی سائوتھ رفیق منہاس کی رہنمائی میں عمل میں لائی گئی ہیں۔