مینڈھر//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کے تبادلہ پرمینڈھر میں دوسرے روز بھی لوگوں نے مینڈھر جموں شاہراہ کو بند کرکے کئی گھنٹوں تک احتجاج کیا۔اس دوران انہوں نے ریاستی گورنر اور انتظامیہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔انہوں نے مانگ کی کہ تبادلہ کا حکمنامہ فوری طور پر منسوخ کیاجائے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پونچھ کی عوام کے ساتھ ریاستی گورنرنے انصاف نہیں کیااور چار مہینوں کے اندر اندر ایک ایماندار افیسر کو تبدیل کرکے دوسرے ضلع میں بھیج دیاگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گورنرانتظامیہ کو ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے کام پسند نہیں آئے کیونکہ انہوں نے ایک مقامی افسر ہونے کے ناطے ضلع کے اندر پوری سنجیدگی اور ایمانداری سے کام شروع کئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ گورنر رول نہیں بلکہ بھاجپا کا رول ہے اورجس طرح سے مرضی آئے کام کیاجارہاہے۔ان کاکہناتھاکہ گورنر انتظامیہ کو ڈپٹی کمشنرکو مزید وقت دیناچاہئے تھاتاکہ وہ ضلع میں اپنے نقو ش چھوڑجاتے لیکن ایسا نہیں کرنے دیاگیا اوران کا تبادلہ عمل میں لایاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ڈپٹی کمشنر کا تبادلہ منسوخ نہیں کیا گیا تو ضلع کے حالات خراب ہو جائیں گے جس کی ذمہ د اری گورنر انتظامیہ پرعائد ہو گی۔انہوں نے کہاکہ لوگ سڑکوں پر آئیں گے اوربڑے پیمانے پر احتجاج ہوگااس لئے یہ حکمنامہ منسوخ کیاجائے۔مظاہرین کاکہناہے کہ انہوں نے ابھی احتجاج کی شروعات ہی کی ہے اور کہیں یہ فیصلہ گورنر انتظامیہ کو مہنگا نہ پڑ جائے شروعات کی ہے اور۔اس موقعہ پر پولیس افسران وہاں پہنچے اور انہوں نے کئی گھنٹے بعد مظاہرین کے ساتھ بات چیت کرکے احتجاج ختم کروایااورگاڑیوں کی آمدورفت کا سلسلہ بحال ہوسکا۔
معززین اور پنچایتی نمائندگان بھی برہم
جاوید اقبال
مینڈھر//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کے تبادلے پرمینڈھر کے معززین اور سابق پنچایتی نمائندگان نے برہمی کا اظہار کیاہے۔یہاں جاری ایک مشترکہ بیان میں سابق سرپنچ محمد صادق چوہدری،سابق سرپنچ نذیر چوہدری، سابق سرپنچ ظفر چوہدری،صید چوہدری،حاجی خورشید،منور حسین چوہدری،چوہدری محمد فضل کالابن ،نثار چوہدری،نذیر چوہدری اور محمد فضل چوہدری نے گورنر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر انتہائی افسوس ہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو چار مہینوں کے اندر ہی تبدیل کیا گیا اور ضلع پونچھ کے لوگوں کا کام نہیں کرنے دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ موصوف ایک مقامی اور سنجیدہ افسر ہیں جنہوں نے معمولی سے وقت میں کئی اہم کام کئے جن کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔انہوں نے ضلع پونچھ کے سیاسی لیڈران کو بھی تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اس فیصلہ پر خاموش ہیں اور زبان تک نہیں کھول رہے۔بیان میں انہوں نے مزید کہاکہ اعجاز اسد نے کئی پہاڑی علاقوں میں دربار لگا کرلوگوں کے مسائل سنے اور انہیں موقعہ پر ہی حل کیاگیااورپہلی بار انتظامیہ میں تبدیلی دیکھی گئی ،ابھی عوامی مسائل کا ازالہ شروع ہی ہوا تھا کہ گورنر انتظامیہ نے ان کو تبدیل کر دیا۔انہوں نے کہاکہ ریاستی گورنر بی جے پی کے لیڈران کے کہنے پر کام کرتے ہیں اور عام لوگوں کا کام نہیں ہو نے د یئے جارہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر فوری طور ان کے تبادلے کو منسوخ کریں اور اعجاز اسد کو ضلع پونچھ میں ہی تعینات رکھاجائے تاکہ یہاں کام ہوسکیں کیونکہ پونچھ کے لوگوں کو ایسے ہی افسر کی ضرورت ہے ایسے افیسر کی ضلع پونچھ کے اندرضرورت ہے جنہوں نے تعینات ہونے کے ساتھ ہی پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کرنا شروع کردیاتھا۔
حکم واپس لینے کا مطالبہ
مینڈھر//نیشنل کانفرنس کے بلاک نائب صدر نے ڈپٹی کمشنر پونچھ اعجاز اسد کے تبادلے پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دیاہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کئی مدت بعد ضلع کو ایک ایماندار افسر ملاتھالیکن چند ہی ماہ گزرے ہیں کہ مرکز کے اشاروں پر ان کا یہاں سے تبادلہ کردیا گیا۔بلاک نائب صدر مینڈھر نے کہاکہ یہ پونچھ کے عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا اورایسے ملنسار اور عوام دوست افسر کو تبدیل کرنے کا کوئی جواز ہی نہیں ہے۔سکندر چوہدری نے ریاستی گورنرسے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تو مخلوط حکومت نے ریاست کا برا حال کیااور تین سال کے دوران نفرتوں کے بیج بوئے جبکہ تعمیروترقی کے کام بھی نہیں کئے گئے اوراب گورنر انتظامیہ میں بھی عوام مفاد کے منافی فیصلہ ہورہے ہیں جس کی عوام کو کوئی توقع نہیں تھی۔انہوں نے کہاکہ راجوری اور پونچھ کے ڈپٹی کمشنروں کے تبادلے نہیں کئے جائیں اور انہیں اپنے اپنے اضلاع میں کام کرنے کا موقعہ دیاجائے۔
فیصلے پر نظرثانی کی جائے:جاوید رانا
مینڈھر//ممبراسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے گورنر انتظامیہ پر زور دیاہے کہ ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجا ز اسد کے قبل ازوقت تبادلے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔اپنے ایک بیان میں رانا نے کہاکہ آئی اے ایس افسر محمد اعجاز اسد نے چند ماہ میں پونچھ کے اندر نمایاں کام کئے اور تعمیروترقی کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل حل کرنے میں پیش پیش رہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بدقسمتی کی بات ہیکہ پونچھ ضلع کو مسلسل ایک لیبارٹری کے طور پر استعمال کیاجارہاہے اور یہاں افسران کو تجربہ حاصل کرنے کیلئے تعینات کیاجاتاہے تاہم جب بھی کوئی قابل افسر تعینات ہوتاہے اور وہ کام کرنے لگتاہے تو اسے یہاں سے تبدیل کردیاجاتاہے۔رانا نے کہاکہ اعجاز اسد نے اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کرکے کام کیا اور انہیں ضلع میں مزید کچھ وقت دیاجاناچاہئے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرکے لوگوں کے مسائل حل کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ تبادلہ ملازمت کا ایک حصہ ہے لیکن اس طرح سے قبل از وقت تبادلہ ایک غلط تاثر پیش کرتاہے۔