پونچھ//ضلع پونچھ نے اوڈی ایف(اوپن ڈیفیکیشن فری)کادرجہ حاصل کرلیاہے اور بیس لائن سروے میں آنے والے تمام کنبوں کو بیت الخلاتعمیر کرکے دیئے گئے ہیں۔اس سلسلے میں پونچھ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس دوران ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے ضلع کے اوڈی ایف ہونے کا اعلان کیا۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ مختار احمد شیخ،ڈی پی اومظاہر حسین کاظمی،بلاک ڈیولپمنٹ افسران،سی ڈی پی اوزاور محکمہ دیہی ترقی کا دیگر عملہ بھی موجو دتھا۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق سوچھ بھارت مشن سکیم کے 2013میں آغاز سے لیکر مارچ2017تک ضلع میں 56ہزار273بیت الخلائوں میں سے صرف بارہ فیصد یعنی 6520کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی تاہم 24088بیت الخلاسال 2017-18جبکہ 25665کی تعمیر رواں مالی سال کے چھ ماہ میں کی گئی ہے۔پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی قیادت میں محکمہ نے مشن موڈ کے تحت کام کرتے ہوئے یہ درجہ حاصل کیاہے اوراب جانچ کا عمل جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ایک واضح حکمت عملی تیار کی گئی جس کے تحت دیگر محکمہ جات اور تعلیمی و طبی اداروں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔خاص طور پر سکولی طلبا،آنگن واڑی ورکروں وہیلپروں،سوچھ گراہیز،مذہبی لیڈروں، سیول سوسائٹی ارکان نے اس میں اہم رول ادا کیااور مقررہ کردہ اہداف ریکارڈ مدت میں حاصل کئے گئے۔تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے اے سی ڈی، ڈی پی او،تمام بلاک ڈیولپمنٹ افسران اور محکمہ دیہی ترقی کے دیگر عملہ کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ وہ یہ درجہ حاصل کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہاکہ پونچھ جیسے سرحدی ضلع میں اس سکیم کی کامیابی سے عمل آوری لوگوں کیلئے راحت کا باعث ہے۔