سرنکوٹ// ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں پہاڑی طبقہ کی میٹنگ منعقد ہوئی جسکی صدارت حمید منہاس نے کی۔اس موقعہ پرخواجہ غلام احمد اور حمید رانابھی موجو دتھے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ پہاڑی طبقہ کو اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرناہوگانہیں تواس کا سیاسی وجود بالکل ہی ختم ہوکر رہ جائے گا۔ان کاکہناتھاکہ جب تک سبھی پہاڑی ایک ہوکر لڑائی نہیں لڑیں گے تب تک کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سیاسی طور پر مضبوطی کیلئے ایک دوسرے سے نفرتیں ختم کرنی ہوں گی اور عدم برداشت کی پالیسی اپناناہوگی۔مقررین نے کہاکہ حکومتوں کی طرف سے پچھلے ستر برسوں کید وران پہاڑی طبقہ کو صرف طفل تسلیاں ہی دی گئیں اور عملی سطح پر کوئی اقدام نہیں کیاگیااور ان کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیاگیا۔ان کاکہناتھاکہ کوئی بھی جماعت پہاڑی طبقہ کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آئی اور ہر ایک نے ان کا استحصال کیا جس کے نتیجہ میں طبقہ کا پڑھا لکھا طبقہ پریشان حال ہے اور اس کا کوئی پرسان حال نہیں۔ان کاکہناتھاکہ پہاڑی طبقہ کو سیاسی طور پر سنجیدگی دکھاناہوگی اوراگر اب بھی وہ سوئے رہے تو پھر بالکل ختم ہوکر رہ جائیں گے۔ان کاکہناتھاکہ واضح اکثریت ہونے کے باوجود طبقہ سیاسی قوت نہیں بن پایا جس کا نقصان پوری قوم کو ہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ جدوجہد کو ایک نئی جہت دینے کی ضرورت ہے اور لڑائی دہلی تک لڑنی ہوگی تاکہ نئی نسل کو تباہ ہونے سے بچایاجاسکے۔اس موقعہ پر بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔