جموں//ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما نے جمعہ کے روز مولانا آزاد میموریل سٹیڈیم کا دورہ کر کے وہاں کھیل کود کی سہولیات کو فروغ دینے کے منصوبہ پر جاری کام کاج کا جائزہ لیا۔ بی سی سی آئی کی طرف سے طے شدہ ضوابط کے مطابق سٹیڈیم میں سہولیات فراہم کرنے کے منصوبہ پر 42.17کروڑروپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور یہ نیشنل پراجیکٹ کنسٹرکشن کمپنی کی طرف سے تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ اس موقعہ پر ڈی سی جموں رمیش کمار اور پروجیکٹ منیجر این پی سی سی امت پنڈتہ سمیت دیگر کئی افسران بھی شامل تھے۔ ڈویژنل کمشنر کو بتایا گیا کہ اس منصوبہ کے تحت سٹیڈیم میں 500وی آئی پی سیٹوں سمیت 18000سیٹیں نصب کی جا رہی ہیں۔ کرکٹ گراونڈ کے لئے جہاں قدرتی گھاس اگائی گئی ہے وہیں پریکٹس پچ، ڈرینیج اور فلڈ لائٹس کی تنصیب بھی منصوبے میں شامل ہیں۔ ڈویژنل کمشنر کو مانتلائی میں جاری کاموں کے بارے میں بھی بتایا گیا، این پی سی سی کی طرف سے وہاں سیاحتی سہولیات کے علاوہ انٹرنیشل یوگا سنٹر کے فروغ اور آیوروید کمپلیکس وغیرہ کی تکمیل کے لئے مارچ 2019کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ صوبائی کمشنر نے نوآباد پولیس تھانہ سے متصل زیر تعمیر نالہ کا جائزہ لینے کے بعد بھگوتی نگر یاتری نواس کادورہ کر کے یاتریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے یاتریوں کو جموں کی دیگر سیاحتی مقامات کے بارے میں آگاہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔