مینڈھر//مینڈھر تا جڑانوالی گلی سڑک پر غیر معیاری سامان استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔مقامی شہری محمد رزاق بجاڑ نے بتایا کہ مینڈھر جڑانوالی گلی سڑک پر محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے ملازمین بلیک ٹاپنگ کروانے کے ساتھ ساتھ بیس کلو میٹر سڑک کا کام گزشتہ تین سال سے کروا رہے ہیں،پہلے یہ سڑک تعمیرات عامہ کے پاس تھی تاہم اب اسے پی ایم جی ایس کو دیاگیاہے ۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ پی ایم جی ایس وائی کے پاس سڑک آنے کے بعد انہوں نے راحت کی سانس لی اور امید قائم ہوئی تھی کہ اب اس کی حالت میں سدھار آئے گالیکن اس وقت سڑک کی حالت بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کے چار کلو میٹر حصہ پر جو تارکول بچھایاگیاہے اس کی حالت ایک مہینے کے اندر ہی خراب ہوگئی ہے اور بڑے بڑے کھڈے پیدا ہوگئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ جن ملازمین اور متعلقہ ٹھیکیدار نے سڑک پر بلیک ٹاپنگ کی ہے،کے خلاف انکوائری کروائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح سے خزانہ عامرہ کی لوٹ مار نہ کی جائے بلکہ معیاری کام کو یقینی بنایاجائے ۔ اس سلسلہ میں جب محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے اے ای ای سے بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ ملازمین موقعہ پر کام کروا رہے ہیں اور غیر معیاری سامان استعمال نہیں ہو رہا لیکن پھر بھی انہوں نے سڑک سے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری میں جانچ کیلئے بھیجے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی شخص ملو ث پایاگیاتو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور معیار کویقینی بنایاجائے گا۔