تھنہ منڈی میں پی ڈی پی کا اجلاس
محبوبہ مفتی کی قیادت پر مکمل بھروسے کا اظہار
طارق شال
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی میں پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کارکنان کا اجلاس منعقد کیا گیا جسکی صدارت بلاک صدر پی ڈی پی حاجی محمد اقبال رینہ نے کی۔اس موقعہ پرکارکنان نے سابق حکومت کے تین سالہ دور کو سراہتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے دوراندیشی سے اقدامات کئے گئے ۔انہوں نے ممبر اسمبلی راجوری ایڈووکیٹ قمر حسین اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی قیادت پر مکمل اعتماد اور بھروسے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید نے پارٹی کی پالیسیاں ریاست کی بقاء، سالمیت،خوشحالی اور امن کیلئے مرتب کیں اور ان کے دور کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ مفتی سعید نے لوگوں کو عزت نفس دیا اور انہیں آرام سے زندگی بسر کرنے کا موقعہ فراہم کیاگیا ۔انہوںنے کہاکہ مرحوم نے عوام کو دلدل سے نکالا اور انہی اقدامات کی وجہ سے پی ڈی پی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ۔ انہوں نے کہا کہ چند مفاد خصوصی رکھنے والے پارٹی کو توڑنے کی کوششیں کر رہے ہیں جو کبھی اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوسکیں گے ۔ اجلاس میں حاجی عبدالر شید شال، شمشیر احمد لون، زبیراحمد شاہ، حاجی لعل حسین،محمد سعید نجار، بشیر خان، ریٹائرڈٍ سب انسپکٹر عبدالر شید شال، ایڈووکیٹ ظہور احمد بھٹی، چوہدری جنگباز، چوہدری مشتاق، آفتاب احمد خواجہ، ظہور ملک، نظر حسین، علی محمد میر اور مختار احمد چوہدری بھی موجود تھے۔
مینڈھر میںبنیادی سہولیات فراہم کرنیکی اپیل
مینڈھر//آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ممبر پروین سرور خان نے گورنر سے اپیل کی ہے کہ مینڈھر میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ایک پریس بیان میں پروین سرور خان نے کہا کہ مینڈھر کی تینوں تحصیلوں میں بجلی ،پانی اور سڑکوں کی حالت نہایت خستہ ہے اور تعمیراتی کام کئی سال سے ادھورے پڑے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ سال سے بھی زائد عرصہ گزر چکا ہے مگر منی سیکریٹریٹ کاکام مکمل نہیںہوا اور اب عمارت کھنڈرات میں تبدیل ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ تینوں تحصیلوں میں سڑکوں کی حالت ابتر ہے اور بہت سی سڑکوں پر تو چلنا بھی محال ہے جس کی وجہ سے لوگ پیدل سفر کررہے ہیں اور انہیں اپناساما ن بھی کندھے پر اٹھاکر لیناپڑتاہے ۔پروین نے کہاکہ بجلی اور پانی کی سپلائی کا حال بھی خراب ہے ۔انہوں نے کہاکہ تمام گرڈ سٹیشنوں کو مزید بڑھایا جائے تاکہ لوگوں کو بجلی کی بہتر سپلائی ہوسکے ۔انہوںنے کہاکہ مینڈھر میں پانی کی قلت کو دیکھتے ہوئے کوئی جامع منصوبہ مرتب کیاجائے ۔
راہل یادو کی تعیناتی کا خیر مقدم
جاوید اقبال
مینڈھر//نوجوان آئی اے ایس افسر راہل یادو کی بطورضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ تعیناتی پر مینڈھر کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیاہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ کچھ ماہ قبل تک مینڈھر میں ایس ڈی ایم تعینات رہے اس افسر کو ڈی سی پونچھ تعینات کیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ موصوف مینڈھر کے عوامی مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ انہیں حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔انہوں نے راہل یادو کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ مینڈھر تحصیل کو کبھی نہیں بھول پائیں گے اور ادھورے پڑے کاموں کو مکمل کیاجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ضلع پونچھ کے بیشتر ایسے علاقے ہیں جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جن کی طرف فوری طور پر توجہ دی جائے ۔
چھ مویشیوں کی بازیابی کا دعویٰ
راجوری//راجوری پولیس نے چھ مویشیوں کی بازیابی کا دعویٰ کیاہے ۔ ایس ایچ او راجوری طاہر خان نے ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر گووند رتن کی ہدایت پر معمول کی چیکنگ کے دوران ایک جونگا گاڑی زیر نمبرJK12A-3710کو راجوری کے الفاگیٹ کے پاس روکنے کااشارہ دیاتاہم ڈرائیور نے رفتار تیز پکڑ لی جس پر پولیس ٹیم نے اس کا تعاقب کیا اور گاڑی پر قابوپالیا ۔ اس دوران تلاشی کرنے پر اس گاڑی کے اندر سے چھ مویشی بازیاب ہوئے ۔پولیس کے مطابق مویشی سمگلنگ کرنے والے ڈرائیو رکوگرفتار کرلیاگیاہے جس کی شناخت عارف احمد ولد محمد اقبال ساکن سرنکوٹ کے طور پر ہوئی ہے اوراس کے خلاف مقامی پولیس تھانہ میں کیس درج کیاگیاہے۔
جنگلات کے تحفظ پر زور
رمیش کیسر
نوشہرہ //کسان کانفرنس کا ماہانہ اجلاس کامریڈ یشپال کی قیادت میں منعقد ہواجس میں بنی نو ع انسان سے جنگلات کو آگ سے بچانے کی اپیل کی گئی ۔ٹائون ہال نوشہرہ میں منعقدہ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ یشپال نے کہاکہ ملک کی آزادی کے وقت ہندوستان میں42 فیصد جنگلات تھے جو اب کم ہوکر صرف12 فیصد رہ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہر سال انسان اپنے ذاتی مفادکیلئے گرمیوں کے موسم میں جنگلات کو آگ لگادیتاہے جس سے پیڑ پودے تباہ ہوجاتے ہیں اور یہ جنگلات کی نہیں بلکہ انسان کی اپنی تباہی ہے ۔ انہوںنے عوام سے اپیل کی کہ جنگلات کو بہر صورت تحفظ دیاجائے اور اسے انہیں تباہ ہونے سے بچایاجائے نہیں تواس کا خمیازہ انسانوں کو بھگتناپڑے گا اور ماحولیاتی نظام بگڑ جائے گا۔
کوٹرنکہ میں کانگریس کا اجلاس
اقبال ملک نے سابق حکمران اتحاد کو تنقید کا نشانہ بنایا
نیوز ڈیسک
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ میں انڈین نیشنل کانگریس کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی ۔اس میٹنگ کا اہتمام بلاک صدر راج محمد راتھر و بلاک صدر بدھل محمد بشیر چستی نے کیاتھا۔اس موقعہ پر پردیش کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر محمد اقبال ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی کیونکہ لوگ پی ڈی پی اور بھاجپا کے اتحاد سے بد ظن ہوگئے ہیں اور سابق حکومت نے سوائے دھوکہ دہی کچھ بھی نہیں دیا۔پی ڈ ی پی ۔بی جے پی کے اتحاد کو ریاست کی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ غریب عوام کو اس ظالم اور رشوت خور اور بدامنی پھیلانے والی حکومت سے چھٹکارا ملا اور وہ گورنر راج کو ریاست کیلئے خوش آئند سمجھتے ہیں جو فرقہ پرست اور کنبہ پروری والے اتحاد سے ہزار گنا بہتر ہے ۔ان کاکہناتھاکہ سابق حکومت کے دور ان من مانی اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کیاگیا اور عام آدمی کو دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ ہر طرف رشوت خوری کا بازار گرم کیاگیاتھا اور ایسی حکومت سے نجات ملنا نیک شگون ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اس اتحاد نے لوگوں کو تقسیم کرکے رکھ دیااور ایسی خلیج بونے کی کوشش کی گئی جوخطرناک ثابت ہوسکتی ہے ۔اس موقعہ پرسابق سرپنچ نظیر حسین ،بدر دین ملک ،ماسٹر نظیر حسین ،لیاقت علی، محمد منیر ، شیر محمد ،خورشید عالم ،محمد تاج ٹھاکر،محمد عالم ،اقبال ڈار، محمد شفیق راز،فاروق ڈار، شجاعت راتھر، محمد اعظم راتھر،رشید راتھر، شبیر ڈار، عالم دین وغیرہ بھی موجود تھے ۔