پونچھ // پونچھ کے محلہ کماں خان وارڈ نمبر 7 کی عوام نے علاقے میں صفائی نہ ہونے پر میونسپلٹی حکام کے خلاف برہمی کا اظہار کیاہے ۔مقامی لوگوں کاالزام ہے کہ ان کے علاقے میں مہینوں سے صفائی نہیں ہوئی اور گندگی کے ڈھیر جمع ہیں جس سے عفونت دور دور تک جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف وزیر اعظم پورے ملک کو صاف ستھرارکھنے کی مہم چلارہے ہیں جس کیلئے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں لیکن دوسری طرف ضلع صدر مقام میں بھی کئی کئی دنوں تک صفائی نہیں کی جاتی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی مرتبہ اپنے محلہ کی صفائی خود کروائی کیونکہ مونسپل کمیٹی پونچھ سے وہ بیزار ہوچکے ہیں۔انہوں نے صفائی کرمچاریوں پر ان سنی کردینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گندگی گلیوں میں کئی کئی دن تک پڑی رہتی ہے جس سے بیماریاں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسے عالم میں جب بارش ہوجائے تو تمام نالیاں بند ہوجاتی ہیں اور گندہ پانی ان کے گھروں اورگلی کوچوں میں جمع ہوجاتاہے ۔