راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے مرکزی معاونت والی سکیم مہاتماگاندھی نریگا کے تحت 2018-19کے کانورجنس منصوبے کو حتمی شکل دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کی ڈی پی آر تیار کریں۔اس منصوبے کو حتمی شکل ایک میٹنگ کے دوران دی گئی جس میں بتایاگیاکہ مختلف کامو ں کیلئے ساٹھ فیصد اجرت کے طور پر رقم مہاتماگاندھی نریگا سے دی جائے گی جس کی مدد سے دیگر محکمہ جات کانورجنس کے ذریعہ اثاثے تعمیر کرسکیں گے۔اس موقعہ پر پانی ذخیرہ کرنے کے ٹینک ،چیک ڈیم اور دیگر قیمتی اثاثوں کی تعمیر پر زور دیاگیا۔میٹنگ میں یہ فیصلہ لیاگیاکہ ضلع راجوری میں پانی ذخیرہ کرنے کیلئے بارہ سو ٹینک تعمیر کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ یہ ٹینک دیہی علاقوں میں تعمیر ہوں گے جن پر 7.20کروڑ روپے کی رقم خرچ آئے گی۔اس موقعہ پر ایگزیکٹو انجینئر محکمہ پی ایچ ای راجوری و نوشہرہ ڈیویڑن کو ہدایت دی گئی کہ وہ ان ٹینکوں کی تعمیر کیلئے جگہوں اور ڈیزائن سے متعلق رپورٹ پانچ دنوں میں پیش کریں۔یہ فیصلہ بھی ہواکہ کانورجنس منصوبے کے تحت 109پنچایت گھر،انیس ولیج ہٹ اور انیس آنگن واڑی مراکز کے کام مکمل کئے جائیں گے۔اس دوران ایگزیکٹو انجینئرمحکمہ آبپاشی نے بتایاکہ وہ حفاظتی باندھ اور نہروں کی تعمیر کے کام کانور جنس کے ذریعہ کریں گے۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ افسران کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں اور ایسے قیمتی و پائیدار اثاثے تعمیر کئے جائیں جن سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ مل سکے۔میٹنگ میں اے سی ڈی اختر حسین قاضی ودیگر افسران بھی موجو دتھے۔