راجوری//تمام بڑے پروجیکٹوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کے مقصد سے ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجازاسد نے ان پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی ڈھانچے کو مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ سیاحت اور سڑکوں کے شعبے میں بہتری لانے اور قبائلی آبادی کے طلباکیلئے رہائشی سہولیات کی فراہمی پرزور دیا۔اس دوران موصوف نے عبداللہ پل کی منسلک روڈ،پہاڑی ہوسٹل کیلئے آڈیٹوریم کی تعمیر،بیلہ پارک،جی این ایم سکول،پلانگڑھ اور راجوری میں گرلز ہوسٹلوں کی تعمیر،گوجر و بکروال ہوسٹل کیلئے اضافی بلاک و مکوٹ پارک و کیفیٹریا کا معائنہ کیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی اہمیت کے ان پروجیکٹوں کی مقررہ مدت کے اندر اندر تکمیل کو یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ایسے تمام پروجیکٹوں کی تفصیل دی جائے جو پچیس لاکھ تک مکمل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسے پروجیکٹوں کیلئے مناسب رقومات دستیاب رکھی جائیں گی۔انہوں نے عبداللہ پل سے منسلک سڑک اور عبداللہ پل سے ضلع ہسپتال کو جانے والی رنگ روڈ پر جلد سے جلد کام کرکے تارکول بچھانے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہاکہ روڈ کو ڈبل لین تعمیر کیاجائے تاکہ جام سے نجات مل سکے۔انہوں نے پہاڑی ہوسٹل کیلئے آڈیٹوریم اور گوجر و بکروال ہوسٹل کے اضافی بلاک کی تعمیر کامعائنہ بھی کیا۔موصوف نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ گرلز ہائراسکینڈری سکول راجوری کیلئے اضافی کلاس روم تعمیر کرنے کی خاطر ڈی پی آرتیار کریں اورساتھ ہی پہاڑی ہوسٹل کے آڈیٹوریم کیلئے تخمینہ لگایاجائے۔قبل انہوں نے ان جگہوں کا دورہ کیا جہاں فارسٹ سٹریٹ بنائی جائیں گی۔ان کے ہمراہ اے سی ڈی اختر حسین قاضی،ڈی پی او ڈاکٹر عبدالخبیر،سی ای او لعل حسین،سی ایم او ڈاکٹر سبھاش گپتا،ڈی ایف او مشتاق چوہدری،اے ڈی پلاننگ بلال میر و دیگرافسران بھی تھے۔