راجوری//کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق وزیر شبیر احمد خان نے پی ڈی پی وبھاجپا کے سابق اتحاد پر ریاست کو مسائل کے بھنور میں ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے تین سال کے عرصہ میں ماسوائے تکالیف و دکھ کے کوئی کام نہیں ہوا۔تھنہ منڈی کے منیال اور دیگر علاقوں میں عوامی مسائل سننے کے دوران اپنے خطاب میں شبیر خان نے کہاکہ این سی کانگریس کے دورحکومت میں راجوری میں کئی اہم پروجیکٹ شروع ہوئے تھے تاہم ان کو نہ صرف بند کردیاگیا بلکہ منی سیکریٹریٹ راجوری سمیت کئی دیگر پروجیکٹوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پچھلے تین سال میں سیاسی مفاد کو دیکھ کر کام ہوئے اور مجموعی مفادات کا قتل کیاگیا۔شبیرخان نیکہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کاغیر اصولی اور غیر منطقی اتحاد ریاست کی عوام کیلئے نئی قسم کی پریشانیاں لیکر آیاہے اور مسائل بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ راجوری میں سابق حکومت کے دورانیہ میں ترقیاتی کام نہ کے برابر ہوئے اور لوگوں کو بنیادی سہولیات تک فراہم نہیں کی جاسکیں۔انہوں نے کہاکہ اب ریاست میں گورنر راج نافاذ ہے اس لئے وہ امید کرتے ہیں کہ اس دوران عوامی مسائل حل ہوں گے اور کام مجموعی مفادات کو دیکھ کر کئے جائیں گے۔انہوں نے مقامی عوام کے مسائل سننے کے بعد یقین دلایاکہ وہ ان کے حل کیلئے متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔اس موقعہ پر لوگوں نے پانی، بجلی اور راشن جیسی سہولیات کی عدم فراہمی کی شکایت کرتے ہوئے کہاکہ 2014 کے سیلاب میں ہوئے نقصانات کی بھرپائی آج تک نہیں ہوئی ہے جو ان کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے۔انہوں نے کہاکہ تعمیراتی کام نامکمل پڑے ہیں اور ان کے درد کا کوئی مداوا نہیں۔شبیر خان کے ہمراہ کئی کارکنا ن بھی تھے۔