سرینگر/ گورنرکے مشیر بی بی ویاس نے کشمیری مہاجرین کو دی جارہی سہولیات میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اس حوالے سے یہاں منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مشیر موصوف نے جموں اور کشمیر صوبوں میں مائیگرینٹوں کی سہولیات کا جائیزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی روہت کنسل، کمشنر سیکرٹری مال شاہد عنایت اللہ، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی ہلال احمد پرے، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، سیکرٹری قانون عبدالمجید بٹ، سیکرٹری ڈی ایم آر آر طلعت پرویز، کمشنر ریلیف و باز آباد کاری مائیگرینٹس ایم ایل رینہ، پی ڈبلیو ڈی کے چیف انجنیئر، ایم ڈی جے کے پی سی سی،ڈائریکٹر اسٹیٹس ، ناظم تعلیم کشمیر/ جموں، ناظم صحت کشمیر/جموں اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما اور متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔بی بی ویاس نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکج کے تحت کشمیر میں ملازمین کی اقامتی سہولیات جلد از جلد مکمل کریں۔جگٹی ٹاؤن شِپ جموں میں سہولیات میں بہتری کے حوالے سے مشیر نے افسروں سے کہا کہ وہ ٹاؤن شِپ کے مکینوں کو بہتر سے بہتر بنیادی سہولیات دستیاب رکھیں۔ انہوں نے دیگر مائیگرینٹ کیمپوں میں بھی سہولیات کو بہتر بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے سیکرٹری ڈی ایم آر آر سے کہا کہ وہ مائیگرینٹوں کے لئے خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کی پیش رفت کا معاملہ ایس ایس آر بھی کے ساتھ اُٹھائیں۔ انہوں نے سیکرٹری موصوف سے پی او جے کے اور چھمب کے بے گھر افراد کو ریلیف جاری کرنے کے عمل میں تیزی لانے کی بھی ہدایت دی۔بی بی ویاس نے صوبائی کمشنر جموں کو ہدایت دی کہ وہ مغربی پاکستانی رفیوجیوں کے حق میں ڈی بی ٹی پالیسی کے ذریعے سے نقد امداد واگذار کریں تا ہم اس میں پہلے مناسب ویریفکیشن کی جانی چاہئے۔جموں کے کشمیری مائیگرینٹوں کے بچوں کے لئے تعلیمی سہولیات کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر موصوف نے ان کی کالونیوں کے سکولوں میں مناسب تعداد میں سبجیکٹ ماہرین اساتذہ دستیاب کرانے کی بھی ہدایت دی۔