کٹھوعہ // محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین نے مطالبات کی حمایت میںکٹھوعہ میں لکھن پور سے کٹھوعہ تک احتجاجی ریلی نکالی ۔اس دوران کٹھوعہ جموں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل ہو کر رہ گئی جہاں انہوں نے سرکار مخالف نعرہ بازی بھی کی۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ ای کے عرضی ملازمین 55 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس وجہ سے انھوں نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا تاہم اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر تنویر حسین کی قیادت میں پی ایچ ای عارضی ملازمین نے کٹھوعہ کے لکھن پور میں دھرنا دیا گیا اور حکومت مخالف جم کر نعرے بازی کی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ عارضی ملازمین کے ساتھ پچھلے 60 ماہ سے سوتیلا سلوک کیا جا رہا ہے ملازمین کی تنخواہوں کو روک کر رکھا ہے اس کے باوجود بھی ملازمین اپنے فرائض انجام دے رہے تھے اور بقایا جات ادا نہ کیے جانے کے باعث ملازمین کے اہل خانہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں ۔انہوں نےکہا کہ تنخواہ کی واگزار نہیں کئے جانے کی وجہ سے گھر کا پورا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور بچوں کو سکولوں سے نکالا جا رہا ہے کیونکہ بچوں کی سکول فیس ادا نہیں ہو پا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بار بار مطالبات کرنے کے باوجود بھی ہر بار ملازمین کی جائز مانگوں کو درکنار کیا گیا جس کے نتیجے میں ملازمین کو احتجاجی راستہ اختیار کرنا پڑا – انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنی ہڑتال مطالبات پورے ہونے تک جاری رکھیں گے۔