سرینگر/ پولیس نے سوموار کو ایک بیان میں کہا کہ اُنہوں نے پانچ گمشدہ لڑکوں کو ڈھونڈ نکال کر والدین کے سپرد کیا۔
بیان کے مطابق سرینگر میں چند والدین نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ ان کے لڑکے معمول کے مطابق اسکول روانہ ہوئے تاہم انہوں نے اپنے والدین کو فون پر مطلع کیا کہ وہ جنگجوئوں کی صفوں میں شامل ہونے جار ہے ہیں۔
چنانچہ بیان کے مطابق پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور والدین کی مدد سے سخت کوششوں کے بعد گمشدہ لڑکوں کو ڈھونڈ نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔
پولیس کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ ان لڑکوں نے اپنے والدین کو ملی ٹنٹ صفوں میں شامل ہونے کی دھمکی دی تھی تاہم تفتیش کے بعد پتہ چلا ہے کہ ان لڑکوں کا کسی بھی ملی ٹنٹ تنظیم سے کوئی واسط نہیں ہے۔
پولیس کی جانب سے ان لڑکوں کی کونسلنگ کے بعد انہیں بحفاظت والدین کے سپرد کیا گیا ہے۔