جموں //ایئر فورس سکول جموں نے اپنے یوم تاسیس کے موقعہ پر جموں یونیورسٹی کے جنرل زورور سنگھ آڈیٹوریم میں ایک تقریب کا اہتمام کیا ۔اس پروگرام میں ائیر فورس کے کمانڈنگ آفیسر جموں بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔ تقریب کے آغاز میں سکول پرنسپل سوچی گپتا نے سکول کی سالانہ رپورٹ پیش کر تے ہوئے مختلف شعبوں میں سکولی بچوں کی کامیابیوں کے علا وہ کھیلوں کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی ۔اس موقعہ پر سکول منتظمین اور طلباء کی طرف سے ایک رنگا رنگ ثقافتی و تمدنی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے دوران سکولی بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔اس موقعہ پر سکولی طلباء کی جانب سے ’قومی یکجہتی ‘آپسی بھائی چارہ اور وقت کی پابندی وغیرہ پر خیالات کا اظہار بھی کیاگیا ۔اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے بچوں کی سالانہ کار کردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم وقت کی ایک اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی جانب بھی توجہ دی جائے تاکہ ملک کو ہر ایک شعبہ میں باصلاحیت نوجوان دستیاب ہو سکیں ۔