جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے راج بھون میں ایک تقریب پر آرمڈ فورسز فلیگ ڈے منایا۔ ڈائریکٹر راجیہ سینک بورڈ بریگیڈئیر ( ر) ہرچرن سنگھ نے اس موقعہ پر گورنر پر آرمڈ فورسز فلیگ لگایا ۔ گورنر نے بھی آرمڈ فورسز فلیگ ڈے فنڈ کے لئے اپنا عطیہ دیا۔ گورنر نے کہا کہ آرمڈ فورسز فلیگ ڈے ملک کے عوام اور حدود کو تحفظ دینے میں بہادر فوجیوں کی قربانی کو یاد کرنے کا ایک بہترین موقعہ فراہم کرتا ہے۔انہوں نے جنگ اور امن کے دِنوں میں آرمڈ فورسز کے اہم رول کو بھی اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ان فوجی اہلکاروں کی بہادری اور عزم کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھا جائے گا۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر راجیہ سینک بورڈ بریگیڈئیر ( ر) ہرچرن سنگھ ، بریگیڈئیر ہر جائی ، سی اے او، شری ماتا ویشنو دیوی نارائنا سپرسپیشلٹی ہسپتال ککریال کے علاوہ کئی اہم دیگر شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔ڈائریکٹر راجیہ سینک بورڈ نے گورنر کوسابق فوجیوں اور بیوائوں کی بہبودی کے لئے بورڈ کی طرف سے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے کہا کہ آڑمڈ فورسز فلیگ ڈے کے موقعہ پر رقومات جمع کرنے کے ساتھ ساتھ سکولی بچوں کے لئے کئی مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے ۔گورنر نے بریگیڈئیر (ر) ہرچرن سنگھ کو صلاح دی کہ وہ سرکاری اور نجی اداروں میں فلیگ ڈے فنڈ کے لئے پورے سال کے دوران جامع بیداری مہم چلائیں تاکہ سابق فوجیوں اور ان کے کنبوں کی بہبودی کے لئے ایک بڑی رقم جمع کی جاسکے۔