جموں//سیکرٹری امداد باہمی اور قبائلی امور عبدالمجید بٹ نے ایک میٹنگ کے دوران جموں صوبے میں کواپریٹیو بینکو ںکے کام کاج کا جائزہ لیا۔رجسٹرار کواپریٹیو سوسائٹیز نے سیکرٹری کو جانکاری دی کہ اس وقت ریاست میں 9کواپریٹیو بینک کام کر رہے ہیں جو 271شاخوں پر مشتمل ہے اور ان میں 1606 ملازمین کام کر رہے ہیں۔میٹنگ کے دوران مختلف کواپریٹیو بینکوں کے سی ای اوز اور منیجنگ ڈائریکٹروں کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان بینکوں میں جموں سینٹرل کواپریٹیو بینک لمٹیڈ ، جے اینڈ کے سٹیٹ کواپریٹیو ایگریکلچر اینڈ رورل ڈیولپمنٹ بینک سری نگر ، سیٹزنز کواپریٹیو بینک لمٹیڈ ، دیویکا اربن ڈیولپمنٹ بینک جموں شامل ہیں۔اس موقعہ پر ان بینکوں کو مزید فائد ہ بخش بنانے سے متعلق معاملات کو بھی زیر غور لایا گیا۔اس موقعہ پر سیکرٹری نے بینک حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بینکوں کا کام کاج کسان دوست ہونا چاہئے تاکہ ریاست کی اقتصادیات کو دوام حاصل ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں کاشتکاری کے سیکٹر کے ساتھ آبادی کا ایک بڑا حصہ منسلک ہے۔انہوں نے کہا کہ عام لوگوں تک بینکنگ کی سہولیات پہنچانے کے لئے نامور بینکوں کے ساتھ اشتراک کیا جانا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ بینکوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اعتماد کے عمل میں بہتری لائے تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ بینکوں میں شفافیت اور جواب دہی برقرار رکھنا کلیدی اہمیت کا حامل ہے تاکہ ان اداروں کو مزید نفع بخش بنایا جاسکے۔انہوں نے ڈیجیٹائزیشن پر زور دیا کہ وہ اکائونٹ ہولڈروں کو دیگر بینکوں کی طرز پر جدید طرز کی سہولیات بہم کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے بنیادی ڈھانچے میں جدیدیت لانا ضروری ہے۔عبدالمجید بٹ نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ بینکوں کو مستحکم کرنے اور عام لوگوں میں کواپریٹیوں سکیموں کے تعلق سے مزید بیداری پیدا کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں ۔انہوں نے ملازمین سے کہا کہ وہ مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کریں۔