جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے سول سیکرٹریٹ جموں میں کمپیوٹر لرننگ سنٹروں اور انفارمیشن کمیونی کیشن ٹیکنالوجی لیبارٹریوں کا الیکٹرانوی طور افتتاح کیا۔ اس افتتاحی تقریب کو محکمہ سکولی تعلیم کی طرف سے قایم جموں و کشمیر نالج نیٹ ورک کے ذریعے تمام لیبارٹریوں اور سنٹروں میں براہ راست نشر کیا گیا ۔ ان سنٹروں کے قیام کا مقصد سرکاری سکولوں میں انفارمیشن کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہے ۔ اس موقعہ پر مالی سال 2017-18 میں مکمل کئے گئے 239 کمپیوٹر لرننگ سنٹروں اور 383 آئی سی ٹی مراکز کا افتتاح کیا گیا ۔ اس طرح سے ابھی تک سرکاری سکولوں میں سمگر سکھشا ابھیان کے تحت 691 کمپیوٹر سنٹر اور 1010 آئی سی ٹی مراکز وقف کئے گئے ہیں ۔ یہ کمپیوٹر سنٹر مڈل یا اپر پرایمری سکولوں میں جبکہ آئی سی ٹی مراکز ہائیر سکینڈری سکولوں میں قایم کئے گئے ہیں ۔ افتتاحی تقریب کے دوران گورنر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایسے 101 مراکز کے طلبا سے تبادلہ خیال کیا انہوں نے ان مراکز کے قیام پر طلبا کو مبارکباد دیتے ہوئے اساتذہ اور طلبا کو تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے ان مراکز سے بھر پور استفادہ کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ کلاس رومز کی بدولت تعلیم و تحقیق کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی تک رسائی اور مختلف موضوعات کو بہتر ڈھنگ سے سمجھنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کافی تیزی سے بڑھ رہا ہے اور وہی ممالک زیادہ ترقی کر پاتے ہیں جو روز افزوں بدلنے والی ٹیکنالوجی کو اپناتے ہیں ۔ معیاری لیکچروں اور تعلیمی مواد تک رسائی میں آئی سی ٹی کے استعمال کی اہمیت بیان کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرانے کیلئے وہ ہر ممکن اقدمات کریں گے ۔ گورنر کے صلاحکار خورشید احمد گنائی نے سرکاری سکولوں میں ای ایجوکیشن کو فروغ دینے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2018-19 کے آخر تک 158 کمپیوٹر سنٹروں اور 455 آئی سی ٹی مراکز کے قیام کا ہدف ہے ۔ سیکرٹری سکولی تعلیم اجیت کمار ساہو نے معیاری تعلیم کی فراہمی میں ان مراکز کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ اس موقعہ پر گورنر کے صلاحکار کے وجے کمار ، کے کے شرما ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ، پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ، پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین چودھری ، پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن اصغر حسن سامون ، پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی روہت کنسل اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔