ایکس پیرا ملٹری فورس ویلفیئر ایسوسی ایشن کا مظاہرہ
جموں//جموں و کشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں میں اپنے دیرینہ مطالبات کے حق میں پیرا ملٹری فورسز کے سبکدوش جوانوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔جمعرات کے روز ایکس پیر ملٹری فورس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بینرتلے سینکڑوں ریٹائرڈ پیرا ملٹری فورس کے جوانوں نے پریس کلب جموں کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر کے اپنے مطالبات کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔مظاہرین نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہاکہ ان کی طرف سے ایک لمبے عر صہ سے ’ون رینک ون پنشن ‘کے علا وہ دیگر مطالبات کے سلسلہ میں مانگ کی جارہی ہے لیکن ریاستی و مرکزی انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کو ئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ایسوسی ایشن کے صدر ششی کمار شرما نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مطالبات کے حق میں پہلے بھی کئی مرتبہ احتجاج مظاہرہ کر چکے ہیں لیکن مرکزی حکومت نے ابھی تک ان کے مطالبات پورے نہیں کئے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پیرا ملٹری فورس کے اہلکارسرحدوں پر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیںلیکن مرکزی حکومت ان اہلکاروں کو درپیش مسائل اور مانگوں کی جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان کی مانگوں کو جلد از جلد پورا کیا جائے ۔
بٹوال انڈیا تنظیم نے خاتون سرپنچ کی حوصلہ افزائی کی
جموں //بٹوال انڈیا نامی ایک سماجی تنظیم نے کرپال پور پنچایت کی خاتون سرپنچ کی حوصلہ افزائی کی ۔اس سلسلہ میں مذکورہ سماجی تنظیم کی جانب سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں متعدد اراکین نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے’ بٹوال انڈیا تنظیم ‘کے چیئر مین جی آر کیتھ نے کہاکہ پنچاتیوں میں خواتین کو نمائندگی ملنے سے جمہوری نظام کی مضبوطی کے علا وہ خواتین کی فلاح و بہبود بھی ممکن بنائی جاسکے گی ۔تنظیم کے اراکین نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ تمام طرز کے انتخابات میں خواتین کا روم اہم ہو گا ۔کرپال پور پنچایت کی خاتون سرپنچ جوتی موٹن نے کہاکہ وہ پنچائت کے لوگوں کیساتھ ساتھ خواتین کو ان کے حقو ق کے بارے میں بیدار کرنے کیلئے بھی اپنا رول ادا کرنے کی کوشش کرئینگی ۔
آیو شمان بھارت اسکیم کی رجسٹریشن کیلئے چھنی میں کیمپ
نیوز ڈیسک
جموں //مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیم آیوشمان بھارت کی رجسٹریشن کیلئے چھنی کے وارڈ نمبر 50 میں کیمپ لگایا گیا ۔اس سلسلہ میں ایڈوکیٹ ایشانت گپتا اور بھاجپا لیڈر راجندر مہتہ کی قیادت میںلگائے گئے کیمپ میں مذکورہ وارڈ کی کونسلر نینا گپتا بھی موجود تھیں ۔رجسٹریشن کے عملے دوران کونسلر نینا گپتا نے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیم ’آیو شمان بھارت ‘کے سلسلہ میں مقامی لوگوں کو تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے کہاکہ اس سکیم کے علا وہ مرکزی حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اسکیموں کو شروع کیا ہوا ہے جس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔اس کیمپ کے دوران مذکورہ وارڈ کے 15کنبوں کی رجسٹریشن عمل میں لائی گئی ۔
پی ڈی پی اراکین کا اجلاس منعقد
جموں //پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کی طرف سے ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا ۔پارٹی کے ریاستی سیکریٹری آر کے بالی کی قیادت میں منعقد ہ اجلاس میں متعدد اراکین نے شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آر کے بالی نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ پی ڈی پی کی مضبوطی کیلئے زمینی سطح پر کا م کریں ۔موصوف نے کہاکہ ریاست کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی صرف پی ڈی پی کے اقتدار میں آنے سے ہی ممکن ہو سکتی ہے ۔انہوں نے دیگر سیاسی پارٹیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سیاسی مفاد کیلئے عوامی مسائل کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔اس اجلاس کے دوران گورو سنگھ کو وارڈ نمبر 73کا صدر نامزد کیا گیا ۔
ٹکری میں کسانوں کیلئے بیداری پروگرام
ادہم پور //ضلع ادہم پور کے تکری زون میں ایگر یکلچر ٹیکنا لوجی مینجمنٹ ایجنسی (ATMA)کے تحت کسانوں کیلئے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس بیداری پروگرام کے دوران کسانوں کو محکمہ زراعت کے آفیسران کی جانب سے ربیع کی فصلوں کی کاشتکاری کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔پروگرام کے دوران کسانوں پر زور دیتے ہوئے محکمہ زراعت کے آفیسر اجے شرما نے کہاکہ وہ ربیع کی فصلوں کی پیدا وار کو بڑھانے کیلئے جدید طریقہ کار کو استعمال کریں ۔اس بیداری پروگرام کے دوران محکمہ کی جانب سے نریندر کمار ورما ،پنکج اور کمل جیت سنگھ نے کسانوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے کسانوں کے فائدہ کیلئے شروع کی گئی اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔اس بیداری پروگرام کے دوران بلبیر سنگھ ،منجیت سنگھ ،ونود شرما ودیگران بھی موجود تھے
فلم انڈسٹری کو کشمیر میں شوٹنگ کی دعوت
سرکار سیاحتی شعبے کی سرگرمیوں کو بڑے پیمانے پر فروغ دے گی: گنائی
جموں//سرکار نے سیاحتی شعبے کی سرگرمیوں کو بڑے پیمانے پر تشہیر دینے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ فلم انڈسری کو ریاست میں شوٹنگ کرنے کیلئے مائل کیا جا سکے اور سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ ہو سکے ۔ یہ فیصلہ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں لیا گیا ۔ میٹنگ میں سیکرٹری ٹورازم ، ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی ، منیجنگ ڈائریکٹر کیبل کار کارپوریشن ، سیکرٹری جموں توی گالف کورس ، سی ای او گالف ڈیولپمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کر کے جموں روپ وے پروجیکٹ اور دیگر بنیادی ڈھانچے سے متعلق پروجیکٹوں سمیت مختلف مرکزی اور ریاستی سکیموں کی عمل آوری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ صلاحکار نے ملک کے مختلف شہروں میں ٹور اینڈ ٹریول ایجنٹوں کے ساتھ تشہیری پروگرام منعقد کرنے پر زور دیا انہوں نے ممبئی میں فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کے ساتھ بھی اسی طرح کا پروگرام منعقد کرانے پر زوردیا ۔ محکمے کی سرگرمیوں کو وسیع تشہیر دینے پر زور دیتے ہوئے صلاحکار نے پرموشنل فلمیں بنا کر انہیں الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر چلانے کی تلقین کی ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ، پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا میں محکمہ کی سرگرمیوں کو تشہیر دینے سے سیاحوں کو ریاست کی سیر کیلئے مائل کرنے میں کافی مدد ملے گی ۔ صلاحکار کو بتایا گیا کہ محکمہ سیاحت جموں 8 فروری سے 10 فروری تک جموں مہا اتسو بھی منعقد کرے گا تا کہ سیاحوں کو ریاست کی سیر کیلئے مائل کیا جا سکے ۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ ریاست کی سیاحت کی تشہیر کیلئے ملک کے 9 شہروں میں مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ صلاحکار نے ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی کو ادارے میں بین الاقوامی سطح کی سہولیات قایم کرنے اور لیہہ میں انٹر نیشنل کانفرنس سنٹر قایم کرنے کیلئے کہا ۔ کشمیر گالف کورس کی عظمتِ رفتہ بحال کرنے کیلئے صلاحکار نے زیر التوا کاموں کو جلد مکمل کرنے اور گالف کورس کو مقررہ وقت کے اندر قابلِ کار بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے گا لف کورس کے منتظمین کو ملکی اور بین الاقوامی سطح کے معروف گالفروںکو کشمیر آنے کی دعوت دینے کیلئے کہا ۔ علاوہ ازیں انہوں نے جموں روپ وے پروجیکٹ کے باقی ماندہ کام کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہیں بتایا گیا کہ کام مکمل کیا گیا ہے ۔
ایس ایل سی سی کی30 ویں میٹنگ منعقد
جموں//نان بنکنگ فائنانشل کمپنیز اور اَن اِن کارپوریٹیڈ باڈیز پر ریاستی سطح کی کوارڈی نیشن کمیٹی کی30 ویں میٹنگ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں ریجنل ڈائریکٹر آر بی آئی جموں، پرنسپل سیکرٹری داخلہ ، اے ڈی جی پی، سی آئی ڈی،آئی جی پی سی آئی وی اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔کمیٹی نے جموں وکشمیر چٹ فنڈ زایکٹ2016 ،جموں اینڈ کشمیر پروٹیکشن آف انٹرسٹس آف ڈیپازٹرز کے تحت نوڈل افسر کی تعیناتی، فائنانشل ایکٹ2018 اور دیگر متعلقہ قوانین کا جائیزہ لیا۔کمیٹی نے آربی آئی کی طرف سے کرائم برانچ کو سونپے گئے کیسوں پر شکایات کا بھی جائیزہ لیا۔چیف سیکرٹری نے مختلف ایجنسیوں کے مابین بہتر تال پر زور دیتے ہوئے سرمایہ کاروں سے دھوکہ دہی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کاروائی کرنے پر زور دیا۔اس سلسلے میں انہوں نے کرائم برانچ، آر بی آئی، سی ای بی آئی اور آر او سی کے ممبران پر مبنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے’’ ساچیٹ پورٹل‘‘ پر آر بی آئی کی طرف سے جانکاری دینے پر بھی زوردیا۔اس کے علاوہ دیگر مختلف متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظات سے متعلق ایکٹ کے سلسلے میں 8 جنوری کو حکم جاری کیا گیا تھا۔کمیٹی نے عوامی شکایات کی چارہ جوئی کے لئے ضابطہ عمل بھی اختیار کیا۔