جموں //گورنمنٹ وومن ڈگری کالج گاندھی نگر میںمنعقدہ چھٹی جموں وکشمیر وومن سائنس کانگریس اختتام پذیر ہو گئی ۔اس تین روزہ سائنس کانگریس کا افتتاح ریاستی گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے26فروری کو کیا تھا ۔گورنمنٹ وومن کالج گاندھی نگر اور جے اینڈ کے سٹیٹ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کونسل کے اشتراک سے منعقد کی گئی اس سائنس کانگریس کے اختتامی پروگرام میں ڈاکٹر زیڈ اے چاٹ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کے علا وہ کالج پرنسل ڈاکٹر کوشل سموتراودیگران بھی موجو تھے ۔سائنس کانفرنس کے دوران تکنیکی طور پر سات نشستوں کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران 200سے زائد ممبران نے اپنے ریسرچ پیپر پیش کئے ۔اپنے خطاب میں کالج پرنسپل نے منتظمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے سلسلہ میں بیداری پیدا کرنا اشد ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات خواتین میں سائنسی اور تحقیقی جذبے کو اُجاگر کرنے اور ان میں قائدانہ صلاحیتیں اُبھارنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک میں لڑکیوں کے لئے سائنسی مضمون میں کافی وسائل موجو د ہیںجبکہ دنیا میں تیزی سے تبدیلی رونما ہور ہی ہے اور سائنسی ایجادات سے عوام کی بہبود اور بقا کو یقینی بنایا جا نا چاہیے۔اس دوران 40ممبران نے پوسٹر بناکر پیش کرنے کے مقابلے میں شرکت کی جن میں منپریت کور نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ انجلی شرما نے دوسری اور سونکشی سینا نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔اس سائنس کانگریس میں معروف سائنسدانوں ، تحقیق دانوں ،اساتذہ اور طلاب کی ایک بڑی تعداد شرکت کی ۔