جموں//گورنر کے مشیر کے کے شرما نے کہا ہے کہ انتظامیہ ریاست میں تعلیمی ڈھانچے کو تقویت بخشنے اور وسعت دینے کے سلسلے میں نئے ڈگری کالج کا قیام عمل میں لارہی ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے نئے ڈگری کالج سدھرا ( ماجین) کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔ مشیر موصوف نے کہا کہ اِن نئے کالجوں کے قیام سے معیاری اعلیٰ سطح کی تعلیمی سرگرمیوں کو بڑھاوا ملے گا اور طلباء کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے زیادہ مسافت طے نہیں کرنی پڑے گی۔مشیر موصوف نے کے اس کالج کے قیام سے مقامی لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ ہوگی اور گورنر انتظامیہ ریاست میں تعلیمی منظرنامے میں بہتری لانے کی وعدہ بند ہے۔مشیر موصوف نے مضبوط ملک کی تعمیر کے لئے معیاری اعلیٰ تعلیم کو عام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ تعلیم ہی ایک واحد ذریعہ ہے جسے لوگ بااختیار بنائے جاسکتے ہیںاور سماج کے مختلف طبقوں میں برابری کا ماحول پیدا کیا جاسکتا ہے۔کے کے شرما نے مزید کہاکہ یہ کالج 2021ء تک مکمل ہوگا اور مقامی طلباء کو ضروری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں کار آمد ثابت ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ گورنر انتظامیہ دیہی اور دُور دراز علاقوں میں کالجوں کے قیام کا عمل تیز تر بنیادوں پر جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء بالخصوص ہماری بچیاں اعلیٰ تعلیم سے مستفید ہوں۔صلاح کار نے کہا کہ اس کالج کی تعمیر سے سدھرا کے ملحقہ علاقے جن میں بجالٹا ، سرنسر و دیگر علاقے شامل ہیں کے لوگ بھی مستفید ہوں گے ۔اُنہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایت دی کہ وہ کم سے کم وقت کے اندر اس ڈگری کی تعمیر مکمل کریں۔یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس کالج کی تعمیر کے لئے 44کنال اراضی فراہم کی گئی ہے اور متعلقہ ایجنسی بہت جلد اس پروجیکٹ پر کام شروع کرے گا۔جے ایم سی میئر چندر موہن گپتا ، کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم سریتا چوہان، ڈی سی جموں رومیش کمار،تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر بی کے کھنہ ، ایس ای تعمیر ات عامہ این ڈی خواجہ اور انتظامیہ و مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے دیگر اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔