جموں//گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں یہاں راج بھون میں مبارک منڈی جموں ہیری ٹیج سوسائیٹی کی گورننگ باڈی کی آٹھویں میٹنگ منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ، سیکریٹری سیاحت رگزن سیمفل ، ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر مبارک منڈی جموں ہیری ٹیج سوسائیٹی دیپکا شرما ، سیکرٹری کلچر زبیر احمد اور دیگر کئی عہدیدار موجود تھے ۔ گورنر نے مبارک منڈی پیلس کمپلیکس کے رکھ رکھاؤ کیلئے ماسٹر پلان کو منظوری دی جس پر 66 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا ندازہ ہے ۔ گورنر نے کہا کہ مبارک منڈی پیلس کمپلیکس ریاست کی تمدن اور تہذیب کی ایک علامت ہے اور اس کے رکھ رکھاؤ میں قدیم روایات کا خیال رکھا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کمپلیکس کے اندر پارکوں اور باغوں کے رکھ رکھاؤ پر بھی زور دیتے ہوئے ڈویژنل کمشنر جموں کو اس سلسلے میں ضروری ہدایات دیں ۔ آرکائیول ریکارڈ کے تحفظ اور اس کو اولڈ انفارمیشن بلڈنگ میں منتقل کرنے سے متعلق تفصیلات طلب کرتے ہوئے گورنر نے زور دے کر کہا کہ ڈوگرہ دور کے ریکارڈ کی ڈیزٹائیزیشن کی جانی چاہئے ۔ گورنر نے رگزن سیمفل کو ہدایت دی کہ وہ جموں میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کریں ۔