جموں// مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ اور گورنر کے مشیر کے کے شرما نے ہیرا نگر میں چالیس میٹر لمبے دو گلیاروں والے پُل کا سنگ بنیاد رکھا۔اِس پُل کی تعمیر پر 2.6 کروڑ روپے لاگت آنے کا اندازہ ہے اور ا س سے ہیرا نگر اور کٹھوعہ کے درمیان رابطہ سہولیات میں مزید بہتری آئے گی جبکہ تحصیل کے 60,000 نفوس کو استفادہ ہوگا۔اِس موقعہ پر اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک بھر میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں اور ترقیاتی پروجیکٹوں کو لوگوں کی ضروریات کے مطابق مکمل کیا جارہا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ دور دراز اور پچھڑے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کی جارہی ہے جس سے لوگوں کی سماجی اور اقتصادی حالت میں بہتری آرہی ہے۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے سیما بھون کے علاوہ کئی بنکر تعمیر کئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے باشندوں کے لئے 400بیت الخلاء بھی تعمیر کئے جاچکے ہیں۔مرکزی وزیر نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے باشندوں کے لئے چار فیصد ریزرویشن کو بھی منظوری دی گئی ہے جس سے وہ مختلف سکیموں سے استفادہ کرتے ہیں۔گورنر کے مشیر نے اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گورنر انتظامیہ نے مختلف سیکٹروں میں جاری پروجیکٹوں میں سرعت لائی ہے۔انہوں نے کہا کہ جن پروجیکٹوں کو ادھورا چھوڑا گیا تھا انہیں پھر سے شروع کیا گیا ہے۔اس موقعہ پر مشیر نے اعلان کیا کہ کٹھوعہ ضلع کی تمام 6میونسپل کمیٹیوں کو اپنی نوعیت کے پہلے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ نظام سے لیس کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ اِن میونسپل کمیٹیوں کو مزید متحرک کیا جارہا ہے۔اس موقعہ پر ایم ڈی جے کے پی سی سی ایم راجو ،ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ روہت کھجوریہ اور دیگر کئی افسران موجود تھے۔