جموں//بھارتی فوج کاکہناہے کہ حد متارکہ پر پچھلے 24گھنٹوں میں صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے ۔فوج کے مطابق یہ بہتری پاکستانی فوج کو دی گئی اس وارننگ کے بعد آئی ہے جس میں اس سے کہاگیاکہ اگر شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ نہیں رکاتو خطرناک نتائج کاسامناکرناپڑے گا۔نئی دہلی میں مقیم دفاعی ترجمان لفٹنٹ کرنل موہت وشناوانے بتایا’’ہماری پاکستانی فوج کو اس وارننگ کے بعد کہ شہری علاقوں کو نشانہ نہ بنایاجائے ، حد متارکہ پر صورتحال میں بہتری آئی ہے ‘‘۔انہوں نے بتایاکہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کرشنا گھاٹی اور سندربنی میں پاکستانی فوج کی طرف سے بھارتی فوج کی چوکیوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایاگیاجس کا بھرپور جواب دیاگیااور اس دوران کسی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ دفاعی ترجمان نے کہاکہ فوج حد متارکہ پر شہری ہلاکتوں سے بچنے پر وعدہ بند ہے اور ہماری طرف سے سبھی اقدامات جوابی کارروائی پر کئے جارہے ہیں ۔