جموں//گورنر کے مشیر کے کے شرما نے جموں اینڈ کشمیر انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی ( جے اے کے ای ڈی اے)کی طرف سے5.4کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیرکئے جانے والے انرجی بھون کا سنگ بنیاد رکھا۔یہ کمپلیکس جموں کے چھنی راما علاقے میں تعمیر کیا جارہا ہے جس میں جے اے کے ای ڈی اے کے دفتر کے علاوہ کانفرنس ہال و دیگر سٹیٹ آف آر ٹ سہولیات دستیاب ہوں گی۔یہ کمپلیکس دو برس کی مدت کے دوران مکمل کیا جائے گا۔سائنس و ٹیکنالوجی کے سیکرٹری شیخ فیاض ، سی ای او جے اے کے ای ڈی اے اروند شرماو دیگر اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہاکہ گورنر انتظامیہ نے سائنس و ٹیکنالوجی سیکٹر میں بنیادی ڈھانچے کو استحکام دینے کے لئے پہلے ہی کئی طرح کے اقدامات کئے ہیں۔اُنہوںنے کہاکہ کئی نئی سکیمیں متعارف کی جارہی ہیں جن کی بدولت ریاست خُود الحِصار بن جائے گی۔مشیر موصوف نے کہاکہ محکمہ کو چاہیئے کہ وہ نئے کمپلیکس کوجدید ٹیکنالوجی کو مد نظر رکھ کر ڈیزائن کریں تاکہ یہ عمارت دیگر جدید طرز کی عمارتوں کی طرح تعمیر کی جاسکے۔اُنہوںنے کہاکہ جی آر آئی ایچ اے نئے انرجی بھون میں متعارف کیا جاناچاہیئے۔سائنس و ٹیکنالوجی کے سیکرٹر ی نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا اور اس سیکٹر میں حکومت کی طرف سے اُٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔